صوبائی سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی کا بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے آفس کا معائنہ

پیر 13 جولائی 2020 23:35

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2020ء) صوبائی سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی نے سوموار کے روز بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے آفس کا معائنہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ نے انہیں ادارے کی کارکردگی و دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر سیکرٹری خوراک نے بی ایف اے آفس کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور ادارے کی مجموعی کارکردگی و بی ایف اے کی جانب سے صوبے بھر میں اشیاء خوردونوش کے معیار کی بہتری و عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ ادارے میں جدید سائنٹیفک لیب اور افرادی قوت کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی ضرورت ہے جب کہ بی ایف اے قوانین بھی تاحال زیر التواء ہیں جس پر سیکرٹری خوراک نے انہیں مزکورہ مسائل کے حل کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ابتدائی طور پر ڈویڑنل سطح پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے دفاتر کے قیام کے لیے بھی صوبائی محکمہ خوراک ادارے کی بھرپور معاونت کرے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈیرہ اللہ یار ضلع جعفرآباد میں موجود بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضٰی کی سربراہی میں مختلف کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران ایک آئس فیکٹری کو ناقص پانی سے برف کی تیاری، زنگ آلود مشینری اور ٹرانسپورٹیشن سمیت مختلف وجوہات ،ایک ہوٹل کوصفائی کی ابتر صورتحال، ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے ،گندے فریزرز ،کچن و اسٹوریج ایریا میں انتہائی گندگی جبکہ دو بیکنگ یونٹس کو مجموعی طور پر ناقص پروڈکشن اور اشیاء کی تیاری میں غیر معیاری و ناقص کلرز و دیگر اجزاء کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں کوئٹہ شہر میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم کی جانب سے گوالمنڈی اور سرکی روڈ کے علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران عوامی شکایت موصول ہونے اور بعد ازاں چیک کرنے پر غیرمعیاری پروڈکشن پر ایک لچھا بنانے والی فیکٹری جبکہ ایک بیکری کو بیکنگ یونٹ میں صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال،حشرات کی موجودگی، تیارشدہ بیکری آئٹمز کی غیر معیاری اسٹوریج اور ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر فوری طور پر سیل کردیا گیا ،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز خالد شریف کی سربراہی میں بی ایف اے ٹیم نے دو بیکریوں کو زائد المعیاد اشیاء کی برآمدگی ،ایک ملک شاپ کو صفائی کے ناقص انتظامات اور دودھ دہی میں حشرات کی موجودگی جبکہ دو جنرل سٹورز کو زائد المعیاد کھانے پینے کی اشیاء اور ممنوعہ گٹکا پان پراگ و چائنیز نمک فروخت کرنے پر جرمانہ عائد کیا۔

مزید برآں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے گوالمنڈی کے علاقے میں قائم میٹ شاپس کے مالکان کو ترجیحی بنیادوں پر اپنی دکانوں میں صفائی کے انتظامات و دیگر ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے حتمی نوٹسز جاری کیے،مذکورہ میٹ شاپس مالکان کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ فوری طور پر حفظان صحت کے اصولوں اور بی ایف اے کے وضع کردہ اسٹینڈرز کیعین مطابق گوشت کی فروخت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر آئندہ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔