کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں ناقابل یقین کمی، بلوچستان میں آج صرف 7 کیسز رپورٹ ہوئے

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں 204 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی: محکمہ صحت

muhammad ali محمد علی پیر 13 جولائی 2020 23:51

کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں ناقابل یقین کمی، بلوچستان میں آج صرف ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی2020ء) کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں ناقابل یقین کمی، بلوچستان میں آج صرف 7 کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے تین اضلاع میں 204 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 7 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے تین اضلاع میں 204 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ محکمہ صحت کے مطابق اب تک ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد لوگوں کی اسکریننگ کی گئی ہے جن میں 53 ہزار افراد کے ٹیسٹ کئے گئے 42 ہزار سے زائد ٹیسٹ منفی جبکہ 11 ہزار 192 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ میں اب تک 7800 سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ کورونا سے 126 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبہ میں کورونا وائرس کی مثبت کیسز کی شرح 29 فیصد اور اموات کی شرح ایک فیصد جبکہ صحت یابی کی شرح 70 فیصد ہو چکی ہے ۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ24 گھنٹوں میں 2 ہزار769 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور69 اموات ہوئی ہیں۔سندھ میں کورونا کیسزکی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار533 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں 87ہزار43، خیبرپختونخوا میں 30ہزار 486، اسلام آباد14 میںہزار108، آزاد کشمیر میں ایک ہزار599 اور گلگت میں ایک ہزار 671 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 22 ہزار532 ٹیسٹ کیے گئے اور ملک بھر میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 85 ہزار 170 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایکٹو کیسز سے زائد ہے اور تاحال ایک لاکھ 56 ہزار 700 کورونا متاثرین صحت یاب ہوئے۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 86 ہزار 975 ہے۔