پی ٹی آئی ناقص ترین کارکردگی اور جھوٹ کی بنیادوں پر ووٹروں اور عوام کااعتماد کھو چکی ہے، سکندر حیات شیرپائو

منگل 28 جولائی 2020 20:19

پی ٹی آئی ناقص ترین کارکردگی اور جھوٹ کی بنیادوں پر ووٹروں اور عوام ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2020ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے پی ٹی آئی کے حکمرانوں کی تبدیلی کا دعویٰ اقتدار تک رسائی کا جھانسہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ناقص ترین کارکردگی اور جھوٹ کی بنیادوں پر ووٹروں اور عوام کااعتماد کھو چکی ہے اوروہ آئندہ تبدیلی سرکارکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پی ٹی آئی کے سابقہ انفارمیشن سیکرٹری ٹاؤن 2پشاور ظہیر الدین بابراوردیگر عہدیداروں نوراللہ خان اور فرہاد اللہ کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپائو نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ظہیر الدین بابرکو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پختونوں کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل کر جدوجہد کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی بدولت پختونوں کوگو نا گوں مشکلات کاسامنا ہے اور وہ مایوسی کا شکار ہیںتاہم قومی وطن پارٹی ان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے دو سال میں ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے حوالے کرکے تباہی کے نہج پر پہنچا دیا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں جاری اقتصادی بد حالی نے پی ٹی آئی کی نااہلی اور دہری شہریت کی حامل معاشی ٹیم کی کارکردگی کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت قوم کوآٹا،چینی ،ہوشربامہنگائی ،بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ،لوڈشیڈنگ اور پسماندگی جیسے بحرانوں کا سامنا ہے جبکہ حکمران ان مسائل کے ادراک کی بجائے "گھبرانا نہیں "کا رٹ لگائے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کچکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے گزشتہ دوسال میں ریکارڈ قرضے لے کر ملک کو قرضے تلے ڈبو دیاجس کی وجہ سے ملک کی معیشت اور عوام پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اس موقع پرقومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین ملک سلیم چمکنی،سینئر وائس چیئرمین امجد علی مہمند،جنرل سیکرٹری حاجی فخر زمان،ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسرار خان،سیکرٹری سوشل میڈیا زاہداللہ سالارزئی اور وطن پال یوتھ آرگنائزیشن کے ممبر صوبائی کمیٹی عابد باچا بھی موجود تھے۔