قراقرم یونیورسٹی تعلیم وتحقیق کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے رویوں میں مثبت تبدیلی کے لیے مثالی کردار ادا کررہی ہے،

گلگت بلتستان حکومت اور عوام الناس یونیورسٹی کا ساتھ دیں تاکہ اسے دنیاکی بہترین جامعات کے صف میں لایا جا سکے، وائس چانسلر قراقرم یونیورسٹی

جمعرات 30 جولائی 2020 23:51

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ رویو ں کی تربیت بھی لازمی ہے۔رویوں میں بہتری کے لیے تربیت کی فراہمی میں تعلیمی اداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔قراقرم یونیورسٹی تعلیم وتحقیق کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے رویوں میں مثبت تبدیلی کے لیے مثالی کردار ادا کررہاہے۔جس پر وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم لائق تحسین ہیں۔

ان خیالات کا اظہارقراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی شعبہ امتحانات کے زیر اہتمام میٹرک 2020کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے ا علان کے حوالے سے منعقد تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی میر افضل خان نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ معیاری تعلیم وتحقیق کے ساتھ ساتھ مثبت رویے بھی معاشرتی تعمیر وترقی کے لیے لازمی ہے۔

(جاری ہے)

رویوں میں بہتری سے ہی ترقی وبہبود کی سوچ کو پروان چڑھایاجاسکتاہے۔لہذا تعلیمی ادارے اس حوالے سے بھی مزید کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ قراقرم یونیورسٹی فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کے لیے معاشرے میں سماجی روابط اور سماجی بہبود میں کردار اد ا کرنے کو لازمی قرار دیے تاکہ طلبا کا معاشرے میں موجود عوام سے اتباط قائم ہو تاکہ عوام میں ملکی تعمیر وترقی کے لیے مثبت سوچ پیدا کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے طلبہ وطالبات میں موجود ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں جامعہ قراقرم کلیدی کردار ادا کررہاہے۔نگران وزیر اعلیٰ نے میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبات اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں نقد انعامی رقم بھی تقسیم کیے اور مزید محنت کو جاری رکھنے اور ملک وقوم کی بہتری کے لیے اپنا حصہ ڈالینے کی نصیحت کی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے قراقرم یونیورسٹی کے لیے ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیااور یونیورسٹی کو ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ان سے قبل افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطائ اللہ شاہ نے بروقت نتائج کے اعلان کو یقینی بنانے پر شعبہ امتحانات کے کنٹرولر محمد عارف سمیت شعبہ امتحانات کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت اور عوام الناس یونیورسٹی کو اپنا اثاثہ سمجھتے ہوئے یونیورسٹی کا ساتھ دیں تاکہ مل کر یونیورسٹی کو دنیاکی بہترین جامعات کے صف میں کھڑا کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی بہترین تعلیم وتحقیق کی فراہمی سمیت طلبا کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے بھی کام کررہی ہے۔جس کا ثبوت مختلف وظائف کے ذریعے طلبا کو مالی معاونت فراہم کرناہے۔لہذا صوبائی حکومت، زمہ دارا فراد اور عوام الناس یونیورسٹی کو ہرحوالے سے تعاون فراہم کریں۔تاکہ ایک بہترین ادارہ بن سکے۔ان سے قبل کنٹرولر امتحانات محمد عارف نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے آئی یو شعبہ امتحانات کے اسٹاف کی شبانہ روز محنت اور وائس چانسلر کے مدبرانہ قیادت کی وجہ سے ہم مقررہ ہدف سے پہلے ہی نتائج کا اعلان کرنے میں کامیاب ہوئے۔

انشاء اللہ شعبہ امتحانات میں مزید بہتری لارہے ہیں جس کا فائدہ براہ راست یہاں کے طلبا اور ان کے والدین کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :