متحدہ عرب امارات، براکہ میں نیوکلیئر پلانٹ کے ابتدائی آپریشن کا کامیاب آغاز

ہفتہ 1 اگست 2020 16:55

متحدہ عرب امارات، براکہ میں نیوکلیئر پلانٹ کے ابتدائی آپریشن کا کامیاب ..
ابو ظہبی۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2020ء) متحدہ عرب امارات نے براکہ میں عرب دنیا کے پہلے نیوکلیئر پلانٹ کے ابتدائی آپریشن کا کامیابی سے آغاز کر دیا ہے۔امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق براکہ جوہری توانائی پلانٹ کے یونٹ ون کا کامیابی سے آغاز امارات نیوکلیئر انرجی کارپوریشن کی ذیلی کمپنی نواح انرجی کمپنی نے کیا ہے۔

(جاری ہے)

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ٹیم نے ایندھن بھرنے کا عمل کامیابی سے مکمل کرلیا اور جامع ٹیسٹ کیے۔ میں اپنے بھائی محمد بن زاید کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق براکہ کے یونٹس میں سے ایک کا فعال ہوجانا متحدہ عرب امارات کے پٴْرامن جوہری توانائی پروگرام کے لیے تاریخی سنگ میل ہے کیونکہ یہ اس عمل کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کے لیے آئندہ 60 سال تک بجلی پیدا ہوسکے گی۔ یونٹ ون متحدہ عرب امارات کے گرڈ سٹیشن سے منسلک کیا جائے گا جو متعدد ٹیسٹوں کے بعد بجلی رہائشی علاقوں اور دفاتر کو مہیا کرے گا۔