مودی سرکارکا 5 اگست کو اٹھایا جانے والا اپنا قدم کبھی ہضم نہیں ہو گا،رانا مشہود احمد خان

منگل 4 اگست 2020 18:02

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیری قوم بھی لمبے عرصہ سے آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے،بے شک دنیا لاکھ بے حس ہی سہی مگر کشمیریوں کی آزادی کی یہ تحریک عالمی برادری کی آنکھوں میں اب جوتوں سمیت گھس چکی ہے،مودی سرکارکا 5 اگست کو اٹھایا جانے والا اپنا قدم کبھی ہضم نہیں ہو گا، کشمیر کی آزادی کا یہ منظرہماری اگلی نسلیں نہیں بلکہ یہی نسل دیکھے گی۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار نے گزشتہ برس اپنے ہی محسنوں نہرو اور پٹیل کے دستخطی وعدوں پرپانی پھیر دیا، اس موت سے گیلی ہونے والی بے شمار دستاویزات میں مہاراجہ ہری سنگھ اور انڈین گورنرجنرل مائونٹ بیٹن کے مابین ہونے والا الحاقی معاہدہ بھی شامل ہے، اقوام متحدہ نے رائے شماری سے متعلق پنڈت جواہر لال نہرو کے اصرار پر جو قراردادیں منظور کی تھیں مودی سرکار نے ان سب کی اہمیت ختم کردی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب سفارت و بحث کی حدود سے باہر نکل چکا،اب یہ سیدھا سیدھا ایک مقبوضہ نو آبادی کا معاملہ بن چکا ہے، اب یہ فاشزم اور تہذیب کی جنگ ہے، آج کے دن کشمیریوں نے مودی سرکا ر کے اس گھنائونے اقدام کو اپنی قربانیوں سے اس قدر مہنگا کر دیا ہے کہ اب بھارت کی عافیت اپنی جان چھڑوانے ہی میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا بھارت کی جائز ریاست بننا ممکن ہی نہیں بھلے کو ئی بھی قانون بنا لیں یا ترمیم کر لیں ، کشمیری قوم بھی لمبے عرصہ سے آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے،بے شک دنیا لاکھ بے حس ہی سہی مگر کشمیریوں کی آزادی کی یہ تحریک عالمی برادری کی آنکھوں میں اب جوتوں سمیت گھس چکی ہے،مودی سرکار کا 5 اگست کو اٹھایا جانے والا اپنا قدم کبھی ہضم نہیں ہو گا، کشمیر کی آزادی کا یہ منظرہماری اگلی نسلیں نہیں بلکہ یہی نسل دیکھے گی۔