یوم استحصال کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد

مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار اقتصادی ترقی کا حصول ناممکن ہے، محمد احمد وحید کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے اقوام عالم اپنا کردار ادا کریں ، ظفر بختاوری

بدھ 5 اگست 2020 18:33

یوم استحصال کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں کشمیریوں کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2020ء) یوم استحصال کے موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر چیمبر کے سابق نائب صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک ریلی بھی نکالی گئی جس نے چیمبر پہنچ کر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے گذشتہ سال 5 اگست کو انڈیا کی طرف سے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کو کالعدم قرار دے کر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور کشمیری عوام کو اپنے حقوق و مراعات سے محروم کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی اور اس کو سراسر غیر قانونی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کی موجودہ قیادت کا جارحانہ رویہ جنوبی ایشیاء میں امن وامان کے قیام اور پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ انڈیا نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق صلب کرکے پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ اس مسئلے کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کا حصول ناممکن ہے۔

محمد احمد وحید نے کہا کہ قریبی ہمسایہ ممالک ہونے کے ناطے پاکستان اور انڈیا دوطرفہ تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دے کر اپنی معیشتوں کیلئے بے شمار فوائد حاصل کر سکتے ہیں اور غربت و بے روزگاری کم کر کے عوام کا معیار زندگی بہتر کر سکتے ہیں تاہم مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر ان مقاصد کا حصول ممکن نہیں ہے لہذا انہوں نے انڈیا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کا حق دے تا کہ وہ اپنی خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں جس سے خطے میں امن و خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے حکومت کی طرف سے پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ جاری کرنے کے اقدام کو سراہا جس میں مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے کیلئے پاکستانی افواج کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تاجر برادری ہر مشکل گھڑی میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیمبر کی کشمیر کاز کمیٹی کے کنوینر ظفر بختاوری نے کہا کہ گذشتہ سال 5اگست کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق صلب کرنے کے بعد انڈیا نے وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں شروع کر رکھی ہیں کیونکہ پچھلے ایک سال سے کشمیر کے عوام لاک ڈاؤن میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے لہذا انہوں نے اقوام عالم پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا نے 1947سے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے اور وہ مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس پر عالمی برادی کی خاموشی قابل افسوس ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ 73 سال سے کشمیریوں پر وحشیانہ مظاہم ڈھانے کے باوجود انڈیا کشمیری عوام کے عزم و ارادوں کو دبانے میں ناکام رہا ہے جس سے یہ ثابت ہے کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کے بغیر اس مسئلے کا دوسرا حل قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، قیادت، تاجر برادری اور عوام اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پُر عزم ہیں اور اس مقصد کیلئے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے۔ چیمبر کے نائب صدر سیف الرحمٰن خان، احسن ظفر بختاوری، سردار طاہر، چوہدری مسعود، چوہدری ندیم الدین، خالد چوہدری، اسلم کھوکھر، وقار بختاوری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اورمقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے بغیر پاکستان بھی نامکمل ہے لہذا ہر پاکستان کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔