وزارتِ خارجہ نے عائشہ فاروقی کی جگہ زاہد حفیظ چوہدری کو دفتر خارجہ کا ترجمان مقرر کر دیا

ترجمان عائشہ فاروقی ٹریننگ کے لیے روانہ ہورہی ہیں جس کی وجہ سے زاہد حفیظ کو ترجمان کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 5 اگست 2020 19:10

وزارتِ خارجہ نے عائشہ فاروقی کی جگہ زاہد حفیظ چوہدری کو دفتر خارجہ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 05 اگست2020ء ) : وزارتِ خارجہ نے عائشہ فاروقی کی جگہ زاہد حفیظ چوہدری کو دفتر خارجہ کا ترجمان مقرر کر دیا، ترجمان عائشہ فاروقی ٹریننگ کے لیے  روانہ ہورہی ہیں جس کی وجہ سے زاہد حفیظ کو ترجمان کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے زاہد حفیظ کی تقرری کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے ، جس کے بعد انہوں نے عہدہ سنبھال لیا ہے۔

خیال رہے کہ زاہد حفیظ چوہدری وزارتِ خارجہ میں گزشتہ 26 برس سے خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے بطور ڈائریکٹر جنرل افغانستان، ایران، ترکی اور جوائنٹ سیکریٹری نیشنل سیکیورٹی کے عہدے پر ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔ زاہد حفیظ چودھری وزارت خارجہ میں بطور ڈائریکٹر جنرل جنوبی ( ساوَتھ )  ایشیا اور سارک میں تعینات رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وزارت خارجہ نے عائشہ فاروقی کو 19 دسمبر کو ترجمان دفتر خارجہ مقرر کیا تھا۔

اس سے قبل عائشہ فاروقی ہیوسٹن میں پاکستان کی قونصل جنرل کی حیثیت سے ذمہ داری انجام دے رہی تھیں۔ عائشہ فاروقی کو ڈاکٹر فیصل کی جگہ دفتر خارجہ کا ترجمان تعینات کیا گیا تھا ۔ عائشہ فاروقی اس سے قبل ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں سفارت خانہ پاکستان میں چارج ڈی افئیر کے طور پر بھی طویل عرصہ اپنی خدمات سراانجام دے چکی ہیں، عائشہ فاروقی سفارتکاری کے میدان میں لگ بھگ 20 برس کا تجربہ رکھتی ہیں۔ اس سے قبل وہ بطور سفارت کار فرانس، مصر، برطانیہ، ترکی اور امریکا میں خدمات انجام دے چکی تھیں، ان سے قبل ڈاکٹر محمد فیصل ترجمان دفتر خارجہ کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ اب سے عائشہ فاروقی کی جگہ زاہد حفیظ چوہدری دفتر خارجہ کے ترجمان کا کردار ادا کریں گے ۔