عشق میں ناکامی پر نوجوان نے ساتھیوں کیساتھ مل کر نوبیاہتا دلہے کو فائرنگ کر کے قتل کردیا ، بہن اوربھائی زخمی

ملزمان کی چنگ چی رکشے پر سوا ر بہن بھائیوں پر فائرنگ ،ثقلین موقع پر ہی دم توڑ گیا ،بھائی حسن اور بہن علیشا زخمی ہو گئے پولیس نے واقعے کے فوری بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم شاہ میر اور اس کے ساتھ عثمان کوگرفتار کرکے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی

اتوار 9 اگست 2020 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) مصطفی آباد میں عشق پر ناکامی پرنوجوان نے لڑکی کا سہاگ اجاڑ دیا ، دو روز قبل دلہا بننے والا ثقلین چنگ چی رکشے پر بہن اور بھائی کے ہمراہ جارہا تھاکہ ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے ثقلین موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بہن اور بھائی زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ ثقلین اپنے بھائی حسن اور بہن علیشا کے ساتھ چنگ چی رکشہ پر سوار ہو کر جارہا تھاکہ نا معلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر ثقلین موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بھائی حسن اور بھائی علیشا زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیںموقع پر پہنچ گئیںجس نے لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔

پولیس نے قتل کے واقعہ کے کچھ ہی دیر بعد ملزم کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ۔بتایا گیا ہے کہ ملزم شاہ میر نے اپنے ساتھی عثمان کے ہمراہ مکلاوے کی رسم کے بعد واپس آنے والے خاندان پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ ملزمان کی فائرنگ سے نوبیاہتا دولہا ثقلین موقع پر جابحق جبکہ اسکے بہن بھائی زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مقتول ثقلین کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی اور واردات کا مقدمہ درج کر کے ملزمان شاہ میر اور عثمان کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ برآمد کر کے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔