کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کریں گے،رن فار کشمیر کا آغاز

پہلے مرحلہ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سے کریں گے،وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں انہوں نے کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھایا ہے،کشمیریوں پر سات دھائیوں سے مظالم جاری ہیں اب یہ مظالم قابل قبول نہیں،ہم کشمیریوں کے ساتھ آزادی تک کھڑے رہیں گے،پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے،وہ جو فیصلہ کریں گے پاکستان ان کی خواہشات کا احترام کریگا وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپورکی ٹیلی میراتھن کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

بدھ 12 اگست 2020 18:03

کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کریں گے،رن فار کشمیر کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لئے ہر ممکنہ کوششیں کریں گے،رن فار کشمیر کا آغاز پہلے مرحلہ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں سے کریں گے،وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں انہوں نے کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھایا ہے،کشمیریوں پر سات دھائیوں سے مظالم جاری ہیں اب یہ مظالم قابل قبول نہیں۔

بدھ کو یہاں وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان میں ٹیلی میراتھن کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے تمام اہل وطن سے اپیل کی کہ وہ ٹیلی میراتھن میں بھرپور شرکت کریں،مسئلہ کشمیر پر سفارتکارتی متحرک انداز میں جاری ہے،موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی جاری رکھے ہوئے ہے، مودی مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، رن فار کشمیر کاپہلے مرحلے میں اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں سے آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈا پورنے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تارکین وطن کے ساتھ مل کرمہم چلا رہے ہیں،نیو یارک میں مسئلہ کشمیر پر بہت بڑا تاریخی احتجاج ہوا ہے،"رن فار کشمیرمیرا تھن"کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،لوگ گھروں میں بیٹھ کر ایپ کے ذریعے اس میں حصہ لے سکیں گے،لوگوں کو مختلف انعامات سے بھی نوازاجائے گا،وزیر اعظم عمران خان ہر فورم پر مسلئہ کشمیر پر بات کرتے ہیں ،حکومت پاکستان نے کشمیر اور گلگت کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے،کشمیر کاز پر تمام جماعتوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسلئہ کشمیر پر اپنا دو ٹوک موقف پیش کیا،کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں پراسلامی ممالک کی تنظیم(او آئی سی)نے ہماری حمایت کی ہے،ہم کشمیریوں کے ساتھ آزادی تک کھڑے رہیں گے،پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے،وہ جو فیصلہ کریں گے پاکستان ان کی خواہشات کا احترام کریگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور پاکستان عالمی قوانین کو دیکھ رہی ہے،ظلم وبربریت کی سات دہائیاں گزر گئیں،اب کشمیریوں پر مزید مظالم برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی ہندوئوں کو بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے جس کا مقصد کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا ہے تاکہ مسلم آبادی کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔علی امین نے کہا کہ مودی کے گرد گھیرا تنگ ہو چکا ہے،ہماری افواج اور عوام سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے " رن فار کشمیر " ٹیلی میراتھن کی تیاریوں کے حوالے سے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان میں اجلاس وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،،پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار خان آفریدی، نے بھی شرکت کی۔

: اجلاس میں " رن فار کشمیر " ٹیلی میراتھن کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ٹیلی میراتھن سے متعلق کی گئی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیلی میراتھن کو 14 اگست کو باضابطہ لانچ کیا جائے گا، پہلے مرحلہ میں اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں میں لانچ کیا جائے گا،دوسرے مرحلہ میں یہ ایپ ڈویژنل ہیڈکواٹرز میں لانچ کی جائے گی ، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اگست کو کشمیریوں کے لیے ٹیلی میراتھن کی لانچنگ خوش آئند ہے،ٹیلی میراتھن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اچھی کاوش ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ٹیلی میرا تھن میں زیادہ سے زیادہ عوام شرکت کریں گے۔ آزاد کشمیر حکومت کے وزیر سپورٹس و سیاحت مشتاق منہاس نے تجویز دی کہ ٹیلی میراتھن میں سکولز اور کالجز کے طالب علم بھرپور شرکت کریں۔وزیر امور کشمیر نے کہا کہ ٹیلی میراتھن کی تشہیر کے لیے بھرپور انتظات کیے جا رہیہیں۔ چئیرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس نیشنل کاز میں بھرپور شرکت کریں،رن فار کشمیر ٹیلی میراتھن کشمیر کاز کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ کرے گی۔ وزیر امور کشمیر نے شرکاء کو بتایا کہ ٹیلی میراتھن کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔