معیاری ترجمہ قرآن اُردو اور پنجابی زبان میں شائع کریں گے : صاحبزادہ حامد رضا

قرآن مجید کی طباعت و اشاعت میں اعلیٰ ترین معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا : چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ

بدھ 12 اگست 2020 22:08

معیاری ترجمہ قرآن اُردو اور پنجابی زبان میں شائع کریں گے : صاحبزادہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2020ء) سربراہ سنی اتحاد کونسل و چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ جناب صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجاب قرآن بورڈ کی طرف سے اسٹینڈرڈ ترجمہ قرآن اُردو اور پنجابی زبانوں میں شائع کیا جائے گا جوکہ تمام مسالک کے جید علماء کی مشاورت سے تیار ہو گا،اور قرآن مجید کی طباعت و اشاعت کے مراحل میں اعلیٰ ترین معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب قرآن بورڈ ،قرآن پبلیشنگ کمپنیز اور قرآن پروف ریڈرز ایسوسی ایشن کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں باہمی اتفاق و رائے متعدد فیصلے کیے گئے جس کے مطابق وفاقی حکومت جو معیاری ترجمہ قرآن کر رہی ہے اُس سے ترجمہ قرآن کرنے میں مدد لی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب قرآن بورڈ کا وفدجلد ہی جناب گورنرپنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرے گا۔

قرآن بورڈ پنجاب کے ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کی توثیق کر دی گئی۔پنجاب قرآن بورڈ کا سوشل میڈیا گروپ اور فیس بُک پیج بنایا جائے گا۔کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرنے کیلئے ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا جائے گا۔قرآن مجید کے شہید اوراق کو محفوظ کرنے والی نجی تنظیمات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

قرآن مجید شائع کرنے والی غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔قرآن مجید کی اشاعت کیلئے رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے گا۔رجسٹرڈ پروف ریڈرز کو مناسب معاوضہ دلوانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میںپنجاب قرآن بورڈ کے ممبران مفتی انتخاب احمد نوری، حافظ فضل الرحیم، ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی، ڈاکٹر عبدالغفورراشد، مولانا محمد نعیم بٹ، ڈاکٹر حافظ حسن مدنی، علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، علامہ محمد افضل حیدری، مولانا امجد علی جعفری، شیخ محمد ناظم الدین،صدرانجمن ناشران،نمائندہ ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب،نمائندہ ڈی آئی جی پولیس سپیشل برانچ،ڈپٹی سیکرٹری اوقاف ،نمائندہ ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب (آر اینڈ ڈی)،نمائندہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ،سیکشن آفیسر(آئی بی ایم)محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب اور ایڈمنسٹریٹو آفیسر پنجاب قرآن بورڈنے شرکت کی۔

جبکہ قرآن پبلیشنگ کمپنیز کے مالکان میں سے حافظ جاوید اقبال(حافظ قرآن کمپنی)، قدرت اللہ(قدرت اللہ قرآن کمپنی)،عکاش مجاہد(دارالسلام)،ابوبکر صدیق(صدائے اسلام)،احمد سلمان شاہ(ضیاء القرآن پبلیکیشنز)،محمد عمران(حماد کمپنی)،نعیم الدین(تاج کمپنی لمیٹڈ) وغیرہ اور قرآن پروف ریڈرز ایسوسی ایشن کے ممبران حافظ انجم علی،مولانا مستمر خان،مولانا زوار حسین،حافظ زاہد محمود،حافظ نعیم احمد،حافظ قاسم وغیرہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب قرآن بورڈ کے سابقہ چیئرمین مولانا ابوالظفر غلام محمد سیالوی اور علامہ احمد علی قصوری کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اجلاس کے آخر میں چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ جناب صاحبزادہ حامد رضا صاحب نے تمام ممبران پنجاب قرآن بورڈ ،قرآن پبلشنگ کمپنیز اور قرآن پروف ریڈرز ایسوسی ایشن کا فرداًً فرداًً شکریہ ادا کیا۔