یوم آزادی : پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے

جمعہ 14 اگست 2020 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2020ء) پاکستان یوم آزادی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے صوبے بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے پنجاب بھر کے اضلاع کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو باقاعدہ مراسلے ارسال کئے جن میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ون ویلنگ کے مرتکب نوجوانوں کے والدین سے شورٹی بانڈ حاصل کرنے اور پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر پولیس دفاتر میں تقاریب منعقد کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

آئی جی پولیس پنجاب کے مراسلے کی روشنی میں جشن آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، ہلڑبازی روکنے کیلئے 124 مقامات پر خصوصی ناکے لگائے گئے ، مجموعی طور پر 6 ایس پیز نے سپرویژن میں 35 ڈی ایس پیز اور 84 ایس ایچ اوز نے فرائض سرانجام دیئے۔

(جاری ہے)

08 ہزار سے زائد افسران و اہلکار وں نے یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔ ڈولفن، پیرو فورس اور ٹریفک پولیس کے خصوصی مشترکہ دستے بھی تعینات کئے گئے۔جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی، روڈ بلاکنگ، ون ویلنگ اور ریسنگ لگانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی گئی۔ شہر بھر میں یوم آزادی کے حوالے سے نکالے گئے اجتماعات، تقریبات اور ریلیوں کیلئے کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔