راجن پور، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم بارے جائزہ اجلاس

پیر 17 اگست 2020 17:34

راجن پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت پولیو مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر راجن پور اورنگزیب سدھو،تنزیل الرحمان علوی اورمحکمہ پولیس و صحت کے افسران کے علاوہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسف کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے دن کے ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں نے گھر گھر جاکر پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے۔

پہلے دن کا ٹارگٹ 98 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ جو بچے رہ گئے ہیں ان کو قطرے پلائے جائیں۔کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔اجلاس میں درپیش مسائل کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ جن کے حل کے لئے ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پراحکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی نے تحصیل روجھان میں محکمہ صحت کی قطرے پلانے والی ٹیموں کو چیک کیا۔

انہوں نے بچوں کو دی جانے والی ویکسین کا بغور معائنہ کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے دوران ویکسین کے خراب ہونے کا ندیشہ رہتا ہے۔انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ ویکسین کو زیادہ درجہ حرارت سے محفوظ رکھنے کے لئے برف کا استعمال کریں اورویکسین کے ٹمپریچر کو نارمل رکھیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایچ او تحصیل روجھان کا کہنا تھا کہ ٹیمیوں کو مہم شروع ہونے سے پہلے ٹریننگ دی گئی ہے تاکہ کسی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ رہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنرنے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال روجھان کا بھی دورہ کیااور وہاں پر موجود پولیو مہم کی ٹیموں کو چیک کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو پولیو فری بنانا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر روجھان عثمان غنی اور دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے۔