قربان پولیس لائنز لاہور میں لیڈیز پارک قائم کر دیا گیا

پارک میںمزید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، صادق علی ڈوگر

جمعرات 27 اگست 2020 15:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2020ء) ایس ایس پی (ٹیلی) پنجاب کی کوششوں سے قربان پولیس لائنز لاہور میں لیڈیز پارک قائم کر دیا گیا ہے۔ قربان لائنز میں بڑی تعداد میں پولیس ملازمین اپنی فیملیز کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ علاوہ ازیں ایلیٹ فورس اور مجاہد سکواڈ میں شامل لیڈی پولیس کی نفری بھی تعینات ہے تاہم یہاں خواتین کیلئے مخصوص پارک کی کوئی سہولت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

خواتین کی صحتمندانہ سرگرمیوں کی سہولت کیلئے آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایس ایس پی (ٹیلی) صادق علی ڈوگر نے اقدامات کی منظوری دی جس کے تحت لیڈیز پارک کا منصوبہ مکمل کیا گیا جس میں واکنگ ٹریک کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ صادق علی ڈوگر نے اس حوالے سے کہا کہ پولیس افسروں کے اہل خانہ اور لیڈی سٹاف کی سہولت کیلئے قربان لائنز میں پارک کا قیام وقت کی ضرورت تھی۔ اب خواتین اور بچے کسی بھی وقت پارک میں تفریح اور واک کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں پارک میں مزید سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :