جھنگ، ضلع بھر میں دو سو چالیس جلوس اور ایک سو پچاس مجالس کا اہتمام کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 29 اگست 2020 17:46

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر محمد طاہر ٹو نے کہا ہے کہ دس محرم الحرام(یوم عاشور) کو ضلع بھر میں دو سو چالیس جلوس اور ایک سو پچاس مجالس کا اہتمام کیا جائے گا۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی بہتر سیکورٹی و انتظامات کے لئے انہیں مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ مقامی تنظیموں کے رضا کاران اور سکائوٹس اپنی خدمات سرانجام دیںگے۔

جلوس و مجالس کے دوران داخلی و خارجی راستوں کو خاردار تار سے بند کرکے باہر سے آنے والے شرکاء کی شناخت اور جامع تلاشی کو یقینی بنانے کے بعد انہیں واک تھرو گیٹ کے ذریعے داخل ہونے دیا جائے۔جلوس کے راستوں میں صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے خصوصی انتظام کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روزڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسردار غیاث گل اور پاک فوج کے ہمراہ دس محرم کے جلوسوں کی سیکورٹی و دیگرانتظامی امورکا جائزہ لینے کے حوالے سے ضلع بھرمیں محرم روٹس کا دورہ کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنرنے متعلقہ افسران کو محرم الحرام کے دوران مرکزی جلوسوںکے راستوں سے تجاوزات کے خاتمہ ،صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت کے کام کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر ضلع کا امن و امان مثالی بنانے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے ۔ ضلع اور تحصیل سطح پر کنٹرول رومز فعال ہیںجہاں سے شہری عاشورہ محرم الحرام کے سلسلہ میں جلوس و مجالس کے حوالہ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

یوم عاشور پر تمام ادارے مستعدی ، چوکس اور ذمہ داری سے کام کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں۔انہوں نے مز ید کہا کہ ماتمی جلوسوں کے ساتھ ریسکیو 1122کا سٹاف اور ایمبو لینسز سمیت امن کمیٹی کے ممبران بھی ماتمی جلوسوں کے ساتھ موجود رہیں گے۔ تمام معاملات کا باریک بینی سے خیال رکھا جائے گا۔ ماتمی جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کی ذریعے ریکارڈنگ کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشورکے حوالہ سے ہسپتال کی تمام مشینری اور آلات فنکشنل ہیںاس ضمن میں تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہائی الرٹ رہیں۔ عاشور پر تمام افسران الرٹ ہو کر اپنے فرائض ادا کریں۔ امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ لہٰذا عوام کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ ضلع میں امن و امان کی مثالی فضا برقراررکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے بھر پور تعاون کریں اور کسی قسم کی غلط افواہ پر کان دھرنے کی بجائے انتظامیہ سے رابطہ کیا جائے۔