ایمیزون کے بانی کی سابقہ ​​اہلیہ دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون بن گئیں

کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ایمیزون کے حصص میں اضافہ ہوا ہے، میکینزی اور بیزوس کی 2019ء میں ہونے والی طلاق کے بعد میکینزی ایمیزون میں 4 فیصد حصص کی مالکہ ہیں

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 3 ستمبر 2020 06:37

ایمیزون کے بانی کی سابقہ ​​اہلیہ دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون بن گئیں
نیویارک (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 ستمبر 2020ء) ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی سابقہ ​​اہلیہ میکینزی سکاٹ دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون بن گئیں۔ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران ایمیزون کے حصص میں اضافہ ہوا ہے، میکینزی اور بیزوس کی 2019ء میں ہونے والی طلاق کے بعد میکینزی ایمیزون میں 4 فیصد حصص کی مالکہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میکینزی سکاٹ دنیا کی امیر ترین خاتون بن گئی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق میکینزی سکاٹ نے اپنے بینک اکاؤنٹ میں گزشتہ برس 30.3 بلین ڈالر کی رقم جمع کروائی جس کے بعد ان کی بینک میں موجود رقم 67.4 بلین ڈالر ہو گئی ہے۔ میکینزی سکاٹ 67 بلین ڈالر سے زائد رقم کے ساتھ دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون بن گئی ہیں جبکہ مرد و خواتین کے مقابلے میں وہ اس وقت دنیا کی 12ویں امیر ترین شخصیت ہیں۔

(جاری ہے)

 

نیو رپورٹس کے مطابق ایمیزون کو کورونا وائرس کے دوران آن لائن شاپنگ میں اضافے کے باعث کافی منافع حاصل ہوا ہے جس کے بعد ایمیزون کے بانی جیف بیزوس بھی دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

اسی طرح امریکی ٹیکنالوجی کمپنیز ٹیسلا، اسپیس ایکس، نیورا لنک اور دی بورنگ کمپنی کے بانی 49 سالہ ایلون مسک کی دولت میں بھی اضافہ ہونے کے بعد وہ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ ایلون مسک کی دولت میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران تقریبا 30 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انہوں نے فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو پچھاڑ دیا ہے، زیادہ دولت کے معاملے میں اب وہ صرف بل گیٹس اور جیف بیزوس سے پیچھے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ ماہ 22 اگست کو ہی ایلون مسک دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بنے تھے اور اس وقت ان کے اثاثوں کی مالیت 84 ارب ڈالر سے زائد تھی، لیکن اب ان کے اثاثوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد انہوں نے دولت میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ یکم ستمبر کو ایلون مسک کی مجموعی دولت 115 ارب ڈالر ہوگئی، جس کے بعد وہ مارک زکربرگ سے بھی آگے نکل گئے ہیں۔

ایلون مسک کی دولت میں حالیہ اضافہ ان کی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے شیئرز کی قدر میں اضافے سے ہوا اور مجموعی طور پر رواں سال ان کی ٹیسلا سمیت دیگر کمپنیوں کے شیئرز میں اضافے سے ان کی دولت میں دگنا اضافہ ہوا۔ایلون مسک کی دولت 115 ارب ڈالر ہونے کے بعد اب وہ صرف دنیا کے دو ہی افراد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ایمیزون اسٹور کے بانی جیف بیزوس سے ہی غریب رہ گئے ۔

اس وقت دنیا کا سب سے امیر ترین شخص ایمیزون کے بانی جیف بیزوس ہیں، جن کی دولت 200 ارب ڈالرز سے زائد جب کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس 126 ڈالرز کے ساتھ دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔ ایلون مسک 115 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے جب کہ مارک زکربرگ 112 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر شخص ہیں، جبکہ اس فہرست میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ میکینزی 68 ارب ڈالر سے زائد رقم کے ساتھ بارہویں نمبر پر ہیں، اور خواتین میں سر فہرست ہیں۔