Live Updates

کیپٹن (ر)صفدر سمیت16 لیگی راہنماﺅں کی ضمانتیں خارج

نیب دفتر حملہ مقدمہ میں انسداد دہشت گردی(اے ٹی سی)کی دفعات بھی شامل کر دی گئیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 4 ستمبر 2020 11:56

کیپٹن (ر)صفدر سمیت16 لیگی راہنماﺅں کی ضمانتیں خارج
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 ستمبر ۔2020ء) مریم نواز کی پیشی پر نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے کیس میں سیشن کورٹ نے کیپٹن (ر)صفدر سمیت16 لیگی راہنماﺅں کی ضمانتیں خارج کردی ہیں. تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نیب دفتر حملہ مقدمہ میں انسداد دہشت گردی(اے ٹی سی)کی دفعات بھی شامل کر دی گئی ہیں اور عبوری درخواست ضمانتوں کے لیے سیشن کورٹ کا دائر اختیار نہیں بنتا.

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ دہشت گردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد درخواست قابل سماعت نہیں رہی محمدصفدر نے کہا کہ پولیس نے حقائق کے برعکس انسداد دہشت گردی دفعات شامل کی ہیں سیشن کورٹ نے ضمانتیں خارج کرتے ہوئے تمام ملزمان کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ہے. خیال رہے کہ 11اگست2020 کو مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی ہوئی اور پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی تھی بعد ازاں نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا کہ مریم نواز نے منظم انداز میں اپنے کارکنوں کے ذریعے”غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا“ جس میں نیب کے دفتر کے شیشے ٹوٹے اور کچھ اہلکار زخمی ہوئے.

قومی احتساب بیورو نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی پر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدرسمیت188 ن لیگی راہنماﺅں پر ایف آئی آر درج کرائی تھی مقدمے میں مریم نواز، ان کے شوہر محمد صفدر سمیت رانا ثنا اللہ، پرویز رشید، زبیر محمود، جاوید لطیف، دانیال عزیز اور پرویز ملک کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے. پولیس کے مطابق مقدمے میں 300 نامعلوم افراد سمیت 188 لیگی راہنماﺅں اور کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کی دفعات شامل کی گئی ہیں‘واضح رہے کہ 11اگست کو مریم نوازکی نیب لاہور پیشی پر ہنگامہ آرائی پرقومی احتساب بیورو کی درخواستوں پر تھانہ چوہنگ میں مقدمات کا اندراج کیا گیا تھا.

مقدمات ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑکے حوالے سے درج کیے گئے تھے‘ مریم نواز کی نیب دفتر میں پیشی کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے درخواستیں موصول ہوئی تھیں. ذرائع کے مطابق نیب کی درخواستوں پر تھانہ چوہنگ میں مقدمات درج کیے گئے تھے مقدمات میں مریم نواز سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات کو نامزد کیا گیا تھااس کے علاوہ نون لیگ کے 50 افراد کے خلاف مقدمات درج کیئے گئے تھے درخواستوں میں نامزد افراد کو مختلف تھانوں میں بھی منتقل کردیا گیا تھا.
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات