پشاورکے رہائشیوں کا پولیس جانبداری کیخلاف مظاہرہ

ہفتہ 5 ستمبر 2020 01:00

پشاور۔04 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2020ء) پشاورشہرکے مقامی رہائشی عبدالولی خان اورانکے بھائی عربستان نے پولیس کی جانب سے انکے ساتھ کی گئی نا انصافی اور مخالفین کی حمایت کرنے پرگزشتہ روز پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔انہوں نے انسپکٹرجنرل پولیس خیبرپختونخواڈاکٹرثنا اللہ عباسی اورچیف کیپیٹیل سٹی پولیس آفیسرمحمدعلی گنڈاپور اور دیگرمتعلقہ اعلی حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انکے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے اورقاتلانہ حملے کرنے والے ایوب شاہ،یعقوب شاہ ولدنعیم شاہ ،احسان اللہ ولدفضل سبحان سکنہ سیٹھی ٹان اورانکی پشت پناہی کرنے والے پولیس افسروںواہلکاروںکیخلاف کارروائی کی جائے اورانہیں انصاف فراہم کیاجائے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے ہاتھوںمیں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پرانکے مطالبات درج تھے انکاکہنا تھاکہ 20 سال قبل انکی بہن کی شادی ظاہرشاہ ولدنعیم شاہ کے ساتھ ہوئی تھی جوکہ بعد میں ظاہر شاہ کے ظلم و زیادتیوںکی وجہ سے ختم ہوگئی اورظاہرشاہ نے بغیرحق مہراداکیے انکی بہن کوطلاق دے کرگھرسے نکال دیااورجان سے مارنے کی دھمکیاں دیں لہذا مسئلے کے حل کیلئے مسجد مہابت خان کے خطیب کی سربراہی میں جرگہ کیاگیا جس سے مخالفین بھاگ گئے مذکورہ ملزمان کی جانب سے ہمیں اب بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں لہذاپولیس کے اعلی حکام ملزموںکی فوری گرفتاری کیلئے اقدامات اٹھائیں۔