معیشت کے حب کراچی کی ترقی کیلئے وفاق اور صوبے کا ایک پیج پر ہونا نا گزیر ہے‘ پیففا

وفاق کی جانب سے کراچی کیلئے بڑے مالیاتی پیکج کے دورس نتائج برآمدہوں گے‘چیئرمین اظہار الحق و دیگر کی وفد سے گفتگو

ہفتہ ستمبر 11:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2020ء) پاکستان انٹر نیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کیلئے بڑے مالیاتی پیکج کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی معیشت کا حب ہے اور اس کی ترقی کیلئے وفاق اور صوبے کا ایک پیج پر ہونا نا گزیر ہے ، حالیہ بارشوں سے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان ہوااور مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کیلئے بغیر کسی تاخیر کے اقدامات شروع کئے جائیں۔

چیئرمین اظہار الحق، سینئر وائس چیئرمین جمیل احمد،اصغر علی ملک، علی عدنان اوردیگر عہدیداروں نے ملاقات کیلئے آنے والے فریٹ فارورڈز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا تھمنے کے با وجود معاشی سر گرمیاں مکمل بحال نہیں ہو سکیں اور فریٹ فارورڈز سمیت کئی شعبوں میں سر گرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت سے مطالبہ ہے کہ کارگو سروسز کی مکمل بحالی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ درآمدی اوربرآمدی سرگرمیاںفروغ پائیں جس سے ہمارا شعبہ بھی متحرک ہوگا اور لوگوںکو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کیلئے بڑے مالیاتی پیکج کے دورس نتائج برآمدہوں گے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر آئی اور معیشت کے حب کراچی کی ترقی کے لئے سوچا جائے۔