وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ویتنام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سے ملاقات، تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق

جمعرات 10 جولائی 2025 22:40

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی ویتنام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ویتنام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فام تان کونگ سے ہنوئی میں ملاقات کی۔ وزارت تجارت کی جانب سے جمعرات کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ملاقات پاکستان-ویتنام مشترکہ تجارتی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے موقع پر ہوئی جس کا مقصد دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

ملاقات میں جام کمال خان نے ویتنام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دیرینہ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، آئی ٹی، دواسازی، فوڈ پروسیسنگ اور کیمیکل سمیت کئی اہم شعبوں میں باہمی تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط (بی ٹو بی) کو فروغ دیا جائے، پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے صنعتی پارکوں کے دوروں کا اہتمام کیا جائے اور تجارتی اداروں و ایسوسی ایشنز کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مضبوط کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر تجارت نے زراعت، چمڑے، سرجیکل آلات اور دواسازی کے شعبوں میں پاکستان کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور ویتنام پر زور دیا کہ وہ ان شعبوں میں مشترکہ منصوبے اور تجارتی مواقع تلاش کرے۔انہوں نے وی سی سی آئی کو پاکستان کا تجارتی وفد لانے کی دعوت دی اور ویتنامی تجارتی میلوں میں پاکستانی کمپنیوں کی بھرپور شرکت پر زور دیا۔صدر فام تان کونگ نے ان تجاویز کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں دونوں جانب سے تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور ہنوئی میں پاکستانی کمرشل سیکشن کے ذریعے رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔