جولائی 2020ء کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں6.44 فیصد اضافہ

اتوار 6 ستمبر 2020 10:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2020ء) جولائی 2020ء کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں6.44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان( پی بی ایس ) کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے مہینہ جولائی 2020ء میں برآمدات کا حجم 26.169 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ جولائی 2019ء کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات سے 24.585 ملین ڈالرز زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح جولائی 2019ء کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران کھیلوں کے سامان کی قومی برآمدات میں1.584 ملین ڈالر یعنی 6.44 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران دستانوں کی برآمدات 0.61 فیصد اضافہ سے 7.075 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 7.118 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں تاہم فٹ بالز کی برآمدات کی برآمدات میں9.12 فیصد کمی واقع ہونے سے برآمدات کا حجم 13.797 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 12.539 ملین ڈالر تک کم ہوگیا۔

(جاری ہے)

پی بی ایس کے مطابق کھیلوں کے سامان کی دیگر برآمدات میں 75.38 فیصد اضافہ سے برآمدات کا حجم 3.713 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 6.512 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب جولائی 2020ء کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ جولائی 2020ء کے دوران 10.24 فیصد تک کم ہوگیا۔ جولائی 2019ء کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ1.827 ارب ڈالررہا تھا جبکہ جولائی2020ء میں پاکستان کا تجارتی خسارہ1.640 ارب ڈالر تک کم ہوگیا ہے جس سے قومی خزانہ پر ادائیگیوں کے دبائو میں کمی واقع ہوئی ہے۔