کوروناوائرس کی وبا کے اثرات کوکم کرنے، سیلابوں سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں،کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک

پیر 7 ستمبر 2020 13:32

کوروناوائرس کی وبا کے اثرات کوکم کرنے، سیلابوں سے نمٹنے کیلئے سندھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2020ء) عالمی بینک نے کہاہے کہ کوروناوائرس کی وبا کے اثرات کوکم کرنے اورسیلابوں سے نمٹنے کیلئے بینک سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹرپر جاری پیغامات میں کہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بالخصوص ضلع دادومیں سیلابوں سے پشتوں کومضبوط بنانے کیلئے سندھ ریزیلئینس پراجیکٹ سے محکمہ آبپاشی سندھ کو ہنگامی بنیادوں پر20 لاکھ ڈالرکی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی بینک سندھ حکومت کے ساتھ مل کرسویپ پراجیکٹ کوحتمی شکل دے رہاہے۔اس پراجیکٹ کابنیادی مقصدکوروناوائرس کے اثرات کو کم کرنا اورسیلاب سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرناہے۔پراجیکٹ کے تحت کراچی میں کچرے کوبہترطریقے سے ٹھکانہ لگانے میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔ناجی بن حسائن نے کہاکہ کراچی میں اس وقت سیلاب کے بعد کی صورتحال کے تناظرمیں سندھ حکومت اپنے وسائل سے فنڈز کا اجراء کرے گی۔ سویپ پراجیکٹ کی منظوری کے بعد سندھ کی حکومت ہنگامی ضروریات کیلئے استعمال شدہ فنڈز کی واپسی کیلئے درخواست دے سکتی ہے۔