ٹریژری بلز میں اگست کے دوران8 لاکھ 36 ہزارڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی،نیشنل کلیئرنگ کمپنی

پیر 7 ستمبر 2020 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2020ء) اگست 2020ء کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 6.8 ملین ڈالر کے حصص خریدے ہیں۔ جولائی 2020ء میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 61.42 ملین ڈالر مالیت کے حصص فروخت کئے تھے۔ نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے اعداد وشمار کے مطابق اگست 2020ء میں ٹریژری بلز میں غیر ملکی سرمایہ 8 لاکھ 36 ہزارڈالر رہی ہے جبکہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں 5.1 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

کووڈ19- کی وبا کے بعد سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پالیسی ریٹ میں کمی کا فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی شرح کم ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے بعد پاکستان سمیت دیگر ایمرجنگ مارکیٹس سے غیر ملکی سرمایہ کا انخلا ہوا تھا اور سرمایہ کاروں نے اپنی سرمایہ کاری محفوظ بنانے کے لئے سٹاک مارکیٹ سے رقم نکال لی تھی جس کے باعث مارچ 2020ء کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں84.69 ملین روپے کے حصص فروخت کئے گئے جبکہ اپریل 2020ء میں 68.9 ملین ڈالر اور مئی 2020 کے دوران 39.9 ملین ڈالر کی فروخت ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اسی طرح جون2020 ء کے دوران 45.72 ملین ڈالر کے حصص فروخت کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کے باوجود پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں بہتری کا رجحان رہا اور پی ایس ایکس کو ایشیا کی بہترین مارکیٹ قرار دیا گیا۔ چھ ماہ میں پی ایس ایکس میں 53.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور پی ایس ایکس 42 ہزار پوائنٹس سے بڑھ گئی جبکہ مارچ میں کووڈ19- کے باعث سٹاک مارکیٹ 27ہزار 228 پوائنٹس تک کم ہو گئی تھی۔