سسٹم میں موجود خرابیوں کو بدل کر عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی لانا وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے، ڈاکٹر شہباز گل

بدھ 9 ستمبر 2020 16:35

سسٹم میں موجود خرابیوں کو بدل کر عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی لانا ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2020ء) :وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سسٹم میں موجود خرابیوں کو بدل کر عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی لانا وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے۔پہلی دفعہ اقتدار میں آئے ہیں اس لئے طاقت ور اشرافیہ کوتحریک انصاف حکومت میں آنا ہضم نہیں ہو رہا اور وہ حکومت کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔

وہ بھائی والا میں پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی کارکن مقتول رانا حسن کی تعزیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔انہوںنے کہاکہ وفاق اور پنجاب میں 2تہائی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے بہت سارے مسائل کا سامنا ہے ۔اگر حکومت کے پاس 2تہائی اکثریت ہو تی تو اس وقت حالات مختلف ہوتے لیکن وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آنے والے تین سالوں میں ملک کو درپیش تمام مسائل پر قابو پا لیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ (ن) لیگ سی پی او لاہو رکے ایشو پر سیاست کر رہی ہے ۔(ن) لیگ کا وتیرہ تھا کہ وہ اپنے من پسند افراد کو اہم جگہ پر لگاتی تھی۔ہم نے ان کی طرح عابد باکسر کی طرح کے لوگوں کو تعینات کر کے غلط کام نہیں کروانے اس لئے ہم میرٹ پر تعیناتیاں کر رہے ہیں۔حکومت کو پتا ہے کہ کس جگہ کس طرح کا آفیسر لگانا ہے۔ ہمیں کسی کے مشورے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

قبل ازیں مقتول رانا حسن کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نظریاتی کارکن کے قتل پر بہت افسردہ ہیں اور انہوںنے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب اور صداقت عباسی کی اس کیس کی میرٹ پر تفتیش کرنے کے حوالے سے ذمہ داری لگائی ہے اور میں بھی اس حوالے سے سی پی او فیصل آباد سے رابطے میں ہوں۔

انشاء اللہ کیس کی تفتیش میرٹ پر ہو گی اور اس میں ملوث تمام ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ نظریاتی ورکروں کی قربانی کی وجہ سے تحریک انصاف حکومت میں آئی ہے اسلئے ہم ہر صورت مقتول کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔میں آج بھی اس کیس کے حوالے سے سی پی او سے بات کروں گا۔ اگر لواحقین کو کسی بھی سطح پر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر مجھ سے رابطہ کر کے اسلام آباد آسکتے ہیں۔اس موقع پر ایس ایچ او رضوان نے ڈاکٹر شہباز گل کو کیس پر اب تک ہونے والے پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایاکہ رانا حسن کے قتل کے 5 ملزمان میں سے 4گرفتار کر لئے ہیں اور ایک مفرور ملزم جو کہ ریکارڈ یافتہ ہے اس کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔