ضلعی انتظامیہ پشاور کا صدر کے علاقے میں خواتین کیلئے کھلی کچہری

جمعہ 11 ستمبر 2020 16:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2020ء) ضلعی انتظامیہ پشاور نے گزشتہ روز صدر کے علاقے میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 پشاور کینٹ میں خواتین کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میںایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ) گلشن آرا، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید معصوم شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت خان، اسسٹنٹ کمشنر (زیر تربیت) مس کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر (زیر تربیت)سارہ ہمایون، تحصیلدار پشاور سٹی خورشید شاہ سمیت ماتحت محکموں کے افسران، پولیس افسران، ڈی سی رضا کار فو رس کے عامرنواب، ملک افتخار، ریونیو سٹاف ،عوامی نمائندوں اورخواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خواتین نے اپنے مسائل بارے حکام کو آگاہ کیا۔کھلی کچہری میں زیادہ تر شکایات بینظیر انکم سپورٹ کارڈ اور صحت انصاف کارڈ کے حصول سے متعلق تھیں جبکہ بیشتر خواتین نے اپنے ذاتی مسائل اور گلبرک کے علاقوں مین صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے بارے میں درخواست کی۔

(جاری ہے)

گلبرک کے علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور کم گیس پریشر کے بارے میں بھی شکایات کی گئیں۔

اکثر خواتین نے بیر وزگاری کی شکایات کی اور درخواست کی کہ ان کو نوکری دی جائے اور پرائیویٹ سکول کے خواتین ٹیچرز نے سکولوں میں کم تنخواہ کے بارے میں بھی شکایت کی اور درخواست کی کہ سکول ریگولیٹری اتھارٹی اس میں اپنا اہم رول ادا کرے۔ اس موقع پر اکثر نے تحریری درخواستیں بھی دیں جس پرافسران نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ خاتون ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ ) گلشن آرا نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔

انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کارروائی کے بارے میں بعد میں انہیں ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پرخواتین نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ پشاور کا شکریہ ادا کیا۔