مصر کے 500 صحافیوں کا اسرائیل کے ساتھ دوستی مخالف پیٹیشن پر دستخط

امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے اعلان کو عرب اقوام نے تسلیم نہیں کیا ،پٹیشن

بدھ 16 ستمبر 2020 14:43

مصر کے 500 صحافیوں کا اسرائیل کے ساتھ دوستی مخالف پیٹیشن پر دستخط
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2020ء) خلیجی عرب ملکوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کے اعلان پر عرب دنیا کے مختلف طبقات کی طرف سے رد عمل جاری ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصرکے 500 صحافیوں اور دانشورں نے ایک پٹیشن پردستخط کیے ہیں جس میں اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

مصری صحافتی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 500سینئر صحافیوں نے اس پٹیشن میں عرب ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے اعلان کو مسترد کردیں۔ پٹیشن میں کہا گیا کہ امارات اور بحرین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے اعلان کو عرب اقوام نے تسلیم نہیں کیا ۔ ہمارا اس بات پریقین ہے کہ یہودی عرب ملکوں کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان ملکوں کے اقدامات عرب لیگ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی اور قضیہ فلسطین کے منصفانہ حل کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔پٹیشن میں کہا گیا کہ مصر کے صحافی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں اور اصولوں کو خاطر میں لاتے ہوئے قضیہ فلسطین کے حوالے سے اصولی موقف کی حمایت کرنے کے پابند ہیں۔ دوسرے عرب ملکوں کی صحافتی تنظیموں اور میڈیا کو بھی فلسطینیوں کے اصولی مطالبات اور ان کے دیرینہ حقوق کا دفاع کرنا چاہیئے۔