وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر مبارکباد

کورونا کی وجہ سے جب معیشت دباؤ میں ہے ان حالات میں پاکستان کیلئے بڑاریلیف ہے،شاہ محمود قریشی

جمعہ 18 ستمبر 2020 13:20

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر مبارکباد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ کورونا کی وجہ سے جب معیشت دباؤ میں ہے ان حالات میں پاکستان کیلئے بڑاریلیف ہے۔اپنے بیان میں وزیرخارجہ نے کہاکہ ریکوڈک کے معاملے میں کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتاہوں ،پاکستان کو وقتی طور پر ایک بہت بڑا ریلیف ملا ہے۔

انہوںنے کہاکہ کورونا کی وجہ سے جب معیشت دباؤ میں ہے ان حالات میں یہ بڑاریلیف ہے ،چین ہمارا دوست ہے،مشکل وقت میں چین نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیاہے۔

(جاری ہے)

وزیرخارجہ نے کہاکہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے بہت گہرے تاریخی تعلقات ہیں ،سعودی عرب کیساتھ ہمارا ایک جذباتی لگاؤ ہے،اللہ کا کرم ہے کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،وزیر اعظم کی سربراہی میں این سی او سی سمیت ہمارے تمام متعلقہ اداروں نے کورونا وبا کے حوالے سے کامیابی حاصل کی ہے ،ہم نے تعلیمی ادارے کھول دیے ہیں وہاں بھی ہمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہو گا ،طبی ماہرین بار بار اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ موسم سرما میں کورونا کی دوسری لہر آسکتی ہے،ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہنا ہوگا تاکہ ہم غفلت کے مرتکب نہ ہوں ۔