شافع حسین کا پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا دورہ ، امتحانات اور مارکنگ کے عمل کی نگرانی کیلئے بنائے گئے مانیٹرنگ سیل کا افتتاح

بدھ 17 ستمبر 2025 20:11

شافع حسین کا پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا دورہ ، امتحانات اور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے بٹن دبا کر نتائج کی اشاعت کا باقاعدہ افتتاح کیا اور صوبے بھر میں امتحانی اور مارکنگ کی آن لائن نگرانی کیلئے بنائے گئے مانیٹرنگ سیل کا بھی افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر نے مانیٹرنگ سیل کا معائنہ کیا اور نگرانی کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام سال 2025میں مختلف ڈپلومہ جات کے ہونے والے امتحانات میں ایک لاکھ چار ہزار سات سو طلبہ نے شرکت کی۔ پچاس ہزار گیارہ طلباء کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 48 فیصد رہا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق معیاری فنی تعلیم کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ، ٹیچرز ٹریننگ پروگرام کا معیاری فنی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام پر فوکس کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے ہی جڑا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ امتحانات کی آن لائن نگرانی کیلئے مانیٹرنگ سیل کا قیام پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا مستحسن اقدام ہے۔ بورڈ کے اس اقدام سے امتحانی نظام میں مزید شفافیت آئے گی۔صوبائی وزیر نے مانیٹرنگ کیلئے جدید کیمروں کی تنصیب اور تربیت یافتہ عملہ مامور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جدید کیمروں کے حصول کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کی انتظامیہ سے بات چیت کی جائے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا پورا نظام ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے اور ڈیجیٹائزیشن کا عمل اسی سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ میں بنائی گئی ون ونڈو آپریشن کی سہولت کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سیکرٹری سکل ڈویلپمنٹ وانٹرپرینیورشپ نادرچھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹری محمد سلیم ،چئیرپرسن پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن سارہ رشید ،سیکرٹری بورڈ چوہدری محمد حفیظ ،کنٹرولرامتحاںات پروفیسر منور حسین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔