الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی استدعا پر بلدیاتی اداروں کی ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 15 دن کے لئے موخرکردی

جمعہ 18 ستمبر 2020 15:53

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی استدعا پر بلدیاتی اداروں کی ابتدائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی استدعا پر بلدیاتی اداروں کی ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 15 دن کے لئے موخرکردی۔ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ جمعہ کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے زیر صدارت پنجاب لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معزز ممبران ،حکومت پنجاب کے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری لاو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں کی پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب ویلج، پنچائیت اور نیبر ہوڈ کونسلز کے نام رکھنے سے متعلق کاروائی حکومت پنجاب کے فوکل پرسنز / ڈپٹی کمشنر زکی مشاورت سے مکمل کر لی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن کی طرف سیابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت آج 18ستمبر 2020 کو ہونی ہے۔

اشاعت کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کے لئے بالکل تیار ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے الیکشن کمیشن کو استدعا کی کہ قانوناً پنجاب میں ویلج، پنچایت ونیبر ہوڈ کونسلز کے نام رکھنے کی کابینہ سے منظوری ضروری ہے۔ اس تمام کارروائی کے لئے وقت درکار ہے لہذا درخواست کی جاتی ہے کہ اس اہم قانونی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستوں کی اشاعت جو آج مورخہ 18ستمبر 2020 کو ہونی ہے اسے ملتوی کیاجائے۔

مزید برآں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اگر شیڈول کے مطابق آج حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت کی گئی تو حلقہ بندی اتھاریٹز کے دفاتر میں لوگوں کے اعتراضات داخل کرنے اور ان کی سماعت کے سلسلے میں بہت ہجوم بن جائے گا اور کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال میں عوام کی صحت عامہ کو خطرہ لاحق ہوگالہذا ان وجوہات کو بھی سامنے رکھتے ہوئے حلقہ بندیو ں کی اشاعت ابھی نہ کی جائے اور صوبائی حکومت کو مناسب وقت دیا جائے تاکہ ویلج، پنچائیت و نیبر ہوڈ کونسلوں کے ناموں کی منظوری صوبائی کابینہ سے لی جا سکے۔

الیکشن کمیشن کے استفسار پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے استدعا کی کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت میں 15 دن کی توسیع کی جائے۔الیکشن کمیشن نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بتایا کہ الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت کے لئے تیار ہے ۔ بہرحال صوبائی حکومت کی استدعا اور کسی قسم کی ممکنہ قانونی پیچیدگیوں سے بچنے اورلوکل گورنمنٹ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی استدعا منظور کی جاتی ہے اور حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت کو فی الحال موخر کیا جاتاہے۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو یہ بھی حکم دیا کہ کرونا وائرس کی وبا سے متعلق پنجاب حکومت کا تفصیلی موقف الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد سے متعلق مناسب اقدامات اٹھا سکے۔