سندھ کے 88 اساتذہ اور غیر تدریسی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق

25 سو ٹیسٹ کے نتائج محکمہ تعلیم کو موصول ہوگئے ، مزید 11ہزار عملے کے کورونا کے نتائج آنا باقی ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 ستمبر 2020 16:33

سندھ کے 88 اساتذہ اور غیر تدریسی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2020ء) صوبہ سندھ کے 88 اساتذہ اور غیر تدریسی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ۔ میڈیا ذرائع نے حکام محکمہ تعلیم سندھ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبے میں 13ہزار5 سو تدریسی و غیر تدریسی عملے کے کورونا ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہوگیا ، جن میں سے 25 سو کے ٹیسٹ کے نتائج محکمہ تعلیم کو موصول ہوگئے ، جہاں 88 اساتذہ اور غیر تدریسی عملے میں کوویڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ابھی مزید 11ہزار تدریسی و غیر تدریسی عملے کے کورونا کے نتائج آنا باقی ہیں ۔

دوسری طرف کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مزید13تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ، جن میں خیبرپختونخوا کے 10اور صوبہ سندھ کے 3 تعلیمی ادارے شامل ہیں ، اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں بند کیے گئے تعلیمی اداروں کی مجموعی تعداد 35 ہوگئی ، جہاں کورونا کے باعث گزشتہ روز بھی ملک بھر میں 22 تعلیمی ادارے بند کیے گئے ، سب سے زیادہ 16 تعلیمی ادارے خیبر پختونخوا میں بند کیے گئے جبکہ 5 آزاد کشمیر اور ایک تعلیمی ادارہ اسلام آباد میں بند کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

این سی او سی کے مطابق یہ تمام ادارے 48 گھنٹوں میں ایس او پیز اختیار نہ کرنے پر بند کیے گئے کیونکہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر ان اداروں میں کورونا وبا پھیلی ۔ یاد رہے کہ کورونا کیسز میں کمی کے بعد ملک بھر میں 6 ماہ بعد تعلیمی ادارے 15ستمبر کو کھولے گئے ، پہلے مرحلے کے آغاز میں میٹرک کلاسز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل جاری ہے ۔

تعلیمی اداروں میں ہینڈ سینی ٹائزر، ماسک، اور فاصلہ برقرار رکھنے کیلئےخصوصی انتظامات کئے گئے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرل سینٹر نے اس حوالے سے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین بچوں کو ماسک پہنا کر بھیجیں ، کھانسی یا بیماری کی صورت میں طلبا کو ہرگز سکول نہ بھیجیں۔ اگر طبیعت زیادہ خراب ہو تو فوری ٹیسٹ کروایا جائے ، ہاتھ با قاعدگی سے دھوتے رہیں ، بچے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں تعلیمی ادارے کو مطلع کیا جائے ۔