نارووال اسپورٹ سٹی اسکینڈل کیس میں ریفرنس دائر نہ ہوسکا ، سماعت 20اکتوبر تک ملتوی

آٹا مافیا، شوگر مافیا کیخلاف کوئی ریفرنس نہیں آپکی توپیں اپوزیشن کی طرف ہی ہیں، احسن اقبال کی نیب پر تنقید عمران احمد نیازی کا ایجنڈا ملک کی معیشت نہیں ،انتقام اور حسد ہے،32 سو ارب کے مقابلے میں 32 روپے کی کرپشن یا کک بیکس کا مقدمہ بنا کر ثابت کریں، میڈیا سے گفتگو

منگل 22 ستمبر 2020 12:17

نارووال اسپورٹ سٹی اسکینڈل کیس میں ریفرنس دائر نہ ہوسکا ، سماعت 20اکتوبر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2020ء) احتساب عدالت میں نارووال اسپورٹ سٹی اسکینڈل کیس میں ریفرنس دائر نہ ہوسکا ، سماعت 20اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔منگل کو نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں ریفرنس دائر نہیں کیا جا سکا ، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ریفرنس آخری مرحلے میں ہے جلد دائر کریں گے ،بعد ازاں ریفرنس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔

احسن اقبال نے کہاکہ ریفرنس پر نیب والو آپ کے ساتھ بہت اچھا لطیفہ بننے والا ہے،دوران حراست میں نے نیب کو کہا تھا میرے ساتھ پلی بارگین کرو ورنہ مزاق بنے گا۔ انہوںنے کہاکہ آٹا مافیا، شوگر مافیا کیخلاف کوئی ریفرنس نہیں آپکی توپیں اپوزیشن کی طرف ہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میں جیل بھی کاٹ آیا ابھی تک میرے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا جا سکا،نیب سرکاری ملازمین کو ہراساں کر رہا ہے کہ ہمیں بیان دو کہ احسن اقبال نے کسی کام کیلئے دباؤ ڈالا تگا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہاکہ ہم پر جھوٹا مقدمہ بنانے کے لیے درجنوں سرکاری افسران کو بلا کر ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے ،سرکاری افسران آج اس سب کی وجہ سے کام کرنے کو تیار نہیں وہ ڈرے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران احمد نیازی کا ایجنڈا ملک کی معیشت نہیں بلکہ انتقام اور حسد ہے،مسلم لیگ ن نے پانچ سالوں میں تین ہزار دو سو ارب کا ترقیاتی فنڈ خرچ کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ چیلنج کرتا ہوں اس 32 سو ارب کے مقابلے میں 32 روپے کی کرپشن یا کک بیکس کا مقدمہ بنا کر ثابت کریں،کیس یہ بنایا گیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا،میں نے کوئی شراب یا جوئے کا اڈہ نہیں بنایا بلکہ کھیلوں کا مرکز بنایا۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی نے اس منصوبے کیلئے فنڈز جاری نہ کر کے اجاڑ دیا ہے اور یہ ہم عمران نیازی سے وصول کرینگے،شاہد عباسی نے جو ایل این جی ٹرمینل لگائے آج گیس کا بحران پیدا ہونے کا امکان ہی نہیں رہا تھا،یہ. جاہل اعظم، نااہل اعظم کہتا ہے قوم تیار ہو جائے گیس کا بحران آنے والا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس عمران نیازی کو نہیں معلوم کہ صرف غریب کے گھر کا چولہا نہیں بجھے گا بلکہ صنعت بھی رک جائے گی،ہندوستان نواز شریف کے خطاب سے خوش نہیں ہو رہا بلکہ اس سے خوش ہو رہا ہے کہ. عمران خان نے دو سال میں پاکستان کی معیشت بٹھا دی۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان اس لئے خوش ہے کیونکہ عمران نیازی کی کمزور حکومت میں بھارت کشمیر کو نوالہ تر کر کے نگل گیا،ہندوستان اس لئے خوش ہے کہ عمران نیازی نے پاکستان کی سیاست کو انتشار میں دھکیل دیا۔ انہوںنے کہاکہ عمران نیازی سقوط کشمیر کاذمہ دار ہے،بھارت جمہوریت کی کمزور حکومتوں اور آمریت میں بھی کشمیر کو حاصل کہ کر سکا جو عمران نیازی کے دور میں کر لیا۔