بلاول بھٹو کی قیادت میں چلنے والی تحریک کے نتیجہ میں ظالم سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ ہوگا،حبیب الدین جنیدی

منگل 22 ستمبر 2020 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2020ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی 32ویں سالگرہ کی خوشی میں محنت کشوں کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مزدوررہنما پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ ہم آج اُس نوجوان قائد کی سالگرہ منارہے ہیں کہ جس کے عظیم نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اِس ملک کے دولخت ہونے کے المناک سانحہ کے باوجود اُسے ازسرنو منظم کیا،اداروں کو دوبارہ تعمیر اور پارلیمان کو بحال کیا جس کے نتیجہ میں آج پاکستان دنیا میں ایک مضبوط قوم کی حیثیت سے سر اُٹھا کر کھڑا ہے۔

پیپلز یونیٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد کی گئی سالگرہ تقریب کے میزبان پیپلز یونیٹی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (سی بی ای)کے چیئرمین حسین ابراہیم کاکا،پیپلز لیبر بیورو سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو،کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ،مزدور رہنما رحمت اللہ سرکی،خورشید مہدی ،اختر فاروقی،منتخب عالم اور دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ سردار احمد خان ،غفران خان،حامد صدیقی،اختر حسین،طاہر خان،خدابخش،قاسم بھٹو،عبدالرحمن،فیاض پٹھان،جاوید رشید اور راجہ اشرف بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ آج وطنِ عزیز کو عظیم شہداء کے وارث ایک نوجوان،حوصلہ مند اور عوامی خدمت کے جذبہ سے معمور قیادت بلاول بھٹو کی شکل میں میسّر ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ان کی قیادت میں ملک سے ظلم ،استحصال اور غریبوں کا خون چوسنے والے بے حس ظالم سرمایہ دارانہ وجاگیردارانہ نظام کا خاتمہ ہوگا۔پیپلز لیبر بیوروسندھ کے انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرونے کہا کہ پیپلز لیبر بیورو تمام اداروں کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد پر یقین رکھتا ہے اور ہم محنت کشوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اُن کے حقوق کی بحالی کے لئے کوئی کسر اُٹھا رکھی نہیں جائے گی۔

میزبان حسین ابراہیم کاکا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز یونیٹی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ادارہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کا جھنڈا اُٹھا کر کامیابی حاصل کی ہے اور ادارہ کے ملازمین،لیبر بیورو اور پی پی پی کے قائدین کو یقین دلانا چاہتے ہیںکہ ہم ہر حالت میں محنت کشوں کے حقوق کا دفاع اور پارٹی کے پرچم کو سر بلند رکھیں گے ۔