زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ہر سال دو ہزار سے زائد طلبہ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن‘وزیراعظم پاکستان کے احساس سکالرشپ پروگرام اور پاکستان بیت المال سمیت دوسرے امدادی پروگرامز میں مدد فراہم کر رہی ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 22 ستمبر 2020 18:14

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ہر سال دو ہزار سے زائد طلبہ کو ہائر ایجوکیشن ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ہر سال دو ہزار سے زائد طلبہ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن‘وزیراعظم پاکستان کے احساس سکالرشپ پروگرام اور پاکستان بیت المال سمیت دوسرے امدادی پروگرامز میں مدد فراہم کر رہی ہے جس سے انہیں اپنے تعلیمی اخراجات پورے میں خاطر خواہ مدد مل رہی ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انڈرگریجوایٹ ڈگری پروگرامز میں نئے داخل ہونیوالے طلبہ کو آن لائن ایجوکیشن کے جملہ اُمور سے آگاہی کیلئے کلیہ جات کی سطح پر مرحلہ وار کیمپس آنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ وہ آن لائن ایجوکیشن کے حوالے سے خود کو تیار کر سکیں۔

اس امر کا فیصلہ سنڈیکیٹ روم میں وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف تنویر کی زیرصدارت ڈینز کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ ہرچند ملک میں کرونا وائرس نئے کیسز بھی رپورٹ ہورہے ہیں تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ اس حوالے سے صورتحال میں بہتری آنے کے ساتھ ہی کیمپس کو طلبہ کیلئے مرحلہ وار کھولاجائے تاکہ سماجی فاصلے اور حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نئے داخلوں کی ابتدائی کارروائی کو مکمل کرنے کیلئے آنیوالے طلبہ کو سماجی فاصلے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پوری کیمپس کمیونٹی کو مربوط کردار ادا کرنا ہوگا۔ ٹریژرو رجسٹرار عمر سعید قادری نے کہا کہ بہت سی جامعات کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی کیلئے بینکوں سے قرض اٹھانے پر مجبور ہیں تاہم بہتر فنانشل مینجمنٹ کی وجہ سے یونیورسٹی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ احساس سکالرشپ پروگرام سے 90ملین روپے یونیورسٹی اکاؤنٹ میں منتقل ہوچکے ہیں اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ اس کے ذریعے اہل اور ضرورت مند نوجوانوں کو تعلیمی اخراجات میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دوسری جامعات کے مقابلے میں کم فیس کے باوجود زرعی یونیورسٹی ملک کی واحد جامعہ ہے جس میں طلبہ کی ایک چوتھائی تعداد کو تعلیمی اخراجات کیلئے فنانشل اسسٹنٹس دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں کلیہ سوشل سائنسزکے ذریعے مختلف ڈپلومہ کورسزمیں درخواستیں جمع کروانے کی تاریخ میں بھی 30ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔