سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی

بدھ 23 ستمبر 2020 17:55

پشاور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایجوکیشن حضرت اللہ کی نگرانی میں ایجوکیشن ٹیموں نے شہر بھر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو سیٹ بیلٹ ہیلمٹ کے استعمال اوور سپیڈنگ، اوور لوڈنگ اور دوران سفر موبائل فون کے استعمال کو ترک کرنے لائن ڈسپلن سواریاں اتارنے اور بٹھانے سے متعلق آگاہی دی اس سلسلے میں سڑکوں پر لاڈ سپیکر رکھے گئے تھے جس کے ذریعے آس پاس موجود لوگوں جن میں شہری تاجر اور راہ گیر شامل ہیں کو بھی آگاہی دی گئی اور انہیں باقاعدہ ہدایت کی گئی کہ وہ اگر دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی نہیں بنائیں گے تو ان کیلئے چھوٹا سا حادثہ بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور دوران سفر ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ اس سے انکی زندگیاں محفوظ بن جاتی ہیں جبکہ دوران سفر موبائل فون کے استعمال کو مکمل طور پر ترک کریں کیونکہ دوران سفر موبائل فون پر بات کرتے تھوڑی سی توجہ ہٹ جانے پر بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے جس میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا بھی خدشہ ہوتا ہے کیونکہ حادثہ منٹوں میں نہیں بلکہ سیکنڈوں میں پیش آتا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ گاڑی چلانے والے کی غفلت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی غرض سے کہیں بھی جا رہے ہوں ان کو چاہئے کہ وہ مقررہ وقت سے کچھ وقت پہلے نکلیں تو محفوظ طریقے سے سفر کرکے منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ چند منٹوں کی جلد بازی ان کا ہنستا بستا گھر اجاڑ سکتی ہے تاہم شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے سمیت اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے غیر محفوظ طریقے سے سفر سے گریز کریں۔