جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک کی معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری سے ملاقات

بدھ 23 ستمبر 2020 20:16

جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک کی معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جرمن کمپنی جی آئی زیڈ کے ساتھ کئے گئے تین ملین یورو کے معاہدے پر بات چیت کی گئی۔ وزارت اوورسیز کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران زلفی بخاری نے پاکستان اور جرمنی کے مابین باہمی تجارت اور اقتصادی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی وطن واپسی کے بعد حکومت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور معاشی مشکلات دور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلہ میں جرمن کمپنی کی گرانٹ کو مؤثر طریقے سے ورکرز سماجی اور معاشی بہتری پر خرچ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

زلفی بخاری نے کہا کہ کورونا کے بعد موجودہ صورتحال میں صرف تکنیکی معاونت ناکافی ہے، خواہش ہے کہ اس گرانٹ سے ورکرز کو تکنیکی معاونت کے ساتھ آسان قرضے بھی فراہم کئے جائیں تاکہ وہ معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس گرانٹ کا بھرپور فائدہ ورکرز تک پہنچایا جائے گا۔ زلفی بخاری نے اس موقع پر جی آئی زیڈ کو بینکوں کے ساتھ روابط میں معاونت کی بھی پیشکش کی اور وزارت اوورسیز کی طرف سے منصوبے پر پیشرفت کے لئے فوکل نمائندے بھی تعینات کیا گیا۔ جرمنی کے سفیربرن ہارڈ شلیگ ہیک اور چیئرمین جی آئی زیڈ نے کہا کہ جی آئی زیڈ بینکوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کرے گی اور اس حوالے سے آئندہ ملاقات میں حتمی مسودہ پیش کریں گے۔