محرم الحرام کے دوران بہترین کارکردگی پر پولیس سمیت مختلف اداروں کے اہلکاروں میں انعامات تقسیم

بدھ 23 ستمبر 2020 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2020ء) خیبر پختونخواہ پولیس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، پولیس افسران و جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، محرم الحرام کے دوران پولیس افسران و جوانوں کی کارکردگی لائق تحسین رہی ہے، دیگر اداروں کے تعاون و مدد سے محرم الحرام جیسا حساس ایونٹ کا پرامن انعقاد ممکن ہوا، ٹیم ورک کو اپنا شعار بنا کر کسی بھی بڑی ذمہ داری سے بہ احسن طریقے سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے، ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سی سی پی او محمد علی گنڈا پورنے ملک سعد شہید پولیس لائن میں محرم الحرام کے دوران اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس جوانوں اوردیگر اداروں کے اہلکاروں کو انعامات دینے کی تقریب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں محرم الحرام کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسروں و اہلکاروں سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں کے اعزاز اور ان کی حوصلہ افزائی کی خاطر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کی سربراہی میں ہونے والی تقریب میں ایس ایس پی آپریشن منصور امان، ایس ایس پی انوسٹی گیشن نوشیر خان، ایس ایس پی ٹریفک وسیم خلیل، کمانڈنٹ کیمپس خان اکبر خان سمیت کینٹ، سٹی، صدر ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس پی سکیورٹی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ڈی ایس پی سٹی پٹرولنگ فورس سمیت پیسکو، ٹی ایم اے، ریسکیو 1122، کنٹونمنٹ بورڈ اورWSSP کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔

سی سی پی اومحمد علی گنڈا پور نے اس موقع پر محرم الحرام کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پشاور پولیس سمیت ٹریفک پولیس، سٹی پٹرولنگ فورس، ایلیٹ فورس، ٹیلی کمیونیکشن، سی ٹی ڈی، بی ڈی یو، کے نائن یونٹ، لیڈیز پولیس، سپیشل برانچ اور ڈی ایس بی سمیت پیسکو، ٹی ایم اے، ریسکیو 1122، کنٹونمنٹ بورڈ اورWSSP کے اہلکاروں کو بھی نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا، انہوں نے اس موقع پر شرکاء سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ محرم الحرام جیسے حساس ایونٹ کے پرامن انعقاد پر پولیس اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ بطور ٹیم ورک کام کرتے ہوئے کسی بھی بڑی ذمہ داری سے بہ احسن طریقے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے۔

تقریب کے دوران ایس ایس پی آپریشن منصور امان نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام کسی چیلنج سے کم نہیں تھا جس کے دوران دیگر اداروں کے مدد و تعاون سے اللہ تعالی نے کامیابی عطاء فرمائی، انہوں نے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے ساتھ معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں گی