پی ٹی سی ایل نے ہواوے کے اشتراک سے پاکستان میں پہلا تیز ترین نیٹ ورک XGS-PON اور QuickODNمتعار ف کروادیا

جدید ترین سلوشن سے صارفین کے انٹرنیٹ تجربے میں اضافہ ہوگا

جمعرات 24 ستمبر 2020 17:14

پی ٹی سی ایل نے ہواوے کے اشتراک سے پاکستان میں پہلا تیز ترین نیٹ ورک ..
           
             
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2020ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ ( پی ٹی سی ایل) نے ہواوے کے اشتراک سے پاکستان میں پہلا10 گیگابائیٹ کا حامل سیمیٹرک پیسیو آپٹیکل ایکسس نیٹ ورک ( XGS-PON ) متعارف کرادیا ہے جس سے پی ٹی سی ایل جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ میں اپنے نیٹ ورک میں کوئیک آپٹیکل ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک ( QuickODN) متعارف کرانے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔


پی ٹی سی ایل نے ہواوے کے ساتھ مل کر اسلام آباد کے کورنگ ٹاؤن میں XGS-PON ٹیکنالوجی کے پائلٹ پروجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا ہے۔ XGS-PON ایک ہی صارف کو 10G bps ڈاون لنک اور10G bps
ا پلنک سپیڈ کی ہم آہنگی والی بینڈوتھ فراہم کرسکتا ہے،جو فائیوجی ٹیکنالوجی سے پانچ گنا زیادہ تیز رفتار کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

اس ٹیکنالوجی سے نہ صرف پی ٹی سی ایل کے صارفین کیلئے سروس کے معیار اور صارف کے تجربہ میں اضافہ ہوگا بلکہ تیز ترین انٹرنیٹ سپیڈ کو یقینی بناتے ہوئے پی ٹی سی ایل کی پہلے سے موجودہ بہتر سروسز پورٹ فولیو میں گرانقدر اضافہ ثابت ہوگا۔


مزید برآں پی ٹی سی ایل نے اپنے نیٹ ورک میں QuickODN سلوشن کو کامیابی کے ساتھ متعارف کروادیا ہے جس میں کسی بھی جوڑ کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس سلوشن سے فائبر ٹو ہوم ( ایف ٹی ٹی ایچ) کی کارکردگی میں کئی گنااضافہ ہو جائے گا بلکہ صارفین کو مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے میں30 فیصد کم وقت لگے گا ۔اس سے پی ٹی سی ایل صارفین کو فائبر ٹوہوم کی تیز ترین سروسز میسر ہوں گی۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعد مظفر واڑئچ ،گروپ چیف ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن آفیسر(آپریشنز) ، پی ٹی سی ایل نے کہا ”پی ٹی سی ایل نے پاکستان میں پہلی بار XGS-PONسروسز متعارف کراکے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔ہم اپنے نیٹ ورک کو جدید خطوط پراستوار کرنے کیلئے نئی ٹیکنالوجیز اور سلوشنز میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ فکسڈ لائن کیلئے دستیاب سروسز اور بینڈ وڈتھ میں بھی توسیع کا عمل جاری رکھیں گے۔

ہم کاپر اور فائبر دونوں میں فکسڈ لائن سروسز فراہم کر رہے ہیں جبکہ چارجی کے ذریعے وائرلیس سروسز بھی مہیا کی جارہی ہیں۔پاکستان میں اس ٹیکنالوجی کو متعارف کرنے سے صارف کے تجربہ میں اضافہ ہوگا کیونکہ وہ تیز ترین انٹرنیٹ اور بینڈ ودتھ سے لطف اندوز ہوسکیں گے“۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مارک مینگ، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ہواوے پاکستان نے کہا ” ہم پی ٹی سی ایل کے ذریعے پاکستان میں XGS-PON ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر بہت زیادہ پرجوش ہیں جس سے صارف بہترین اور تیز ترین انٹرنیٹ سروسز کا تجربہ حاصل کریں گے۔

اس ٹیکنالوجی سے گھریلو اور کاروباری صارفین کو10G bps تک کی سپیڈ کی حامل فائبر براڈ بینڈ سروسز میسرہوں گی۔ تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز پی ٹی سی ایل کو پاکستان بھر میں لاکھوں صارفین کو انٹرنیٹ کنکشن فراہم کرنے والا پہلا ادارہ بنائیں گی ۔
پی ٹی سی ایل صارفین ، کیریئرز، کارپوریٹ شعبہ یا انٹرنیشنل وائس اینڈ ڈیٹا سمیت تمام شعبوں کیلئے نیٹ ورک کی دستیابی کیلئے تسلسل کے ساتھ اپنے ٹیکنالوجیکل انفرسٹرکچر کو اپ گریڈ کررہا ہے۔