نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف بلند عمارات کی تعمیر کے لیے این او سی کی شرط ختم

نئے ہوائی اڈے کے اطراف 15کلومیٹر کی حدود میں بلند و بالا عمارات کی تعمیر بارے گوگل سے منسلک جدید خودکار طریقہ وضع

جمعرات 24 ستمبر 2020 19:13

راولپنڈی 24ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2020ء) نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف بلند عمارات کی تعمیر کے لیے این او سی کی شرط ختم کردی گئی، نئے ائیرپورٹ کے 15کلو میٹر کی حدود میں ہونے والی تعمیرات کیلئے جدید طریقہ کا ر وضع کر دیا گیا ۔ترجمان آر ڈی اے حافظ محمد عرفان نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ قبل ازیں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی ای) کے کنٹرول ایریاز میں نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ساتھ ہونے والی تعمیرات کیلئے ہر کمرشل اور بلند عمارت تعمیر کرنے والے کیلئے ضروری تھا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) سے عمارات کی بلندی کی بابت این او سی لازمی حاصل کرے۔

ا س این او سی حاصل کرنے کیلئے تعمیر کنندہ کو پہلے سروے آف پاکستان اور سی اے اے سے رابطہ کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے ان کو دو تین ما ہ کا عرصہ لگ جاتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژ ن کے مطابق تعمیراتی شعبہ کو صنعت کا درجہ ملنے کے بعد چیئرمین آرڈی اے طارق محمود مرتضیٰ نے اپنے ادارے میں نقشہ جات اور دیگر ہاؤسنگ سکیمز کی منظوری کے مراحل آسان کرنے کے اقدامات شروع کردیئے اور قانونی اصلاحا ت کو بھی تبدیل کردیا گیا ۔

اس سلسلہ میں چیئرمین آرڈی اے نے وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کو صورتحال سے آگاہ کیا اور این او سی کے حصول میں درپیش مشکلات سے کنسٹرکشن سیکٹر کی مشکلات بارے وضاحت کی ۔ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئے ہوائی اڈے کے اطراف 15کلومیٹر کی حدود میں بلند و بالا عمارات کی تعمیر بارے جدید خودکار طریقہ وضع کردیا ۔اس طریقہ کار کے مطابق تعمیراتی مقام کی لوکیشن گوگل رابطہ نظام میں داخل کرتے ہی متعلقہ جگہ پر عمار ت کی منظور شدہ بلندی بارے اعداد و شمار سامنے آجائیں گے جن کی پاسداری کرنا ضروری ہوگا ۔