مختلف محکموں میں فیکٹریاں لگانے کیلئے این او سی کے اجراء کو ٹائم لائن کے ساتھ منسلک کر دیا گیا‘عثمان بزدار

سرمایہ کاروں کیلئے ہر طرح کی آسانیاں پیدا کریں گے، این او سی جاری کرنے کے حوالے سے پراسیس کو مزید تیز کیا جائے این او سی کے اجراء کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار، محکمہ صنعت اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت ،کمیٹی این او سی کے بروقت اجراء کو یقینی بنائے گی

جمعہ 25 ستمبر 2020 18:19

مختلف محکموں میں فیکٹریاں لگانے کیلئے این او سی کے اجراء کو ٹائم لائن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سیمنٹ فیکٹریز لگانے کیلئے مختلف محکموں کے این او سی کے اجراء کو آسان بنا دیا ہے اور مختلف محکموں میں فیکٹریاں لگانے کیلئے این او سی کے اجراء کو ٹائم لائن کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ غیر استعمال شدہ مائننگ لیز کے حوالے سے قواعدو ضوابط میں ضروری رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کیلئے ہر طرح کی آسانیاں پیدا کریں گے۔ این او سی جاری کرنے کے حوالے سے پراسیس کو مزید تیز کیا جائے اور سرمایہ کارو ںکی آسانی کیلئے قواعد و ضوابط کو سہل بنایا جائے۔

(جاری ہے)

کسی بھی محکمے میں این او سی کے اجراء میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروںگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے این او سی کے اجراء کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور محکمہ صنعت اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی این او سی کے اجراء کے حوالے سے تمام پراسیس کا جائزہ لے گی اور فیکٹریز لگانے کیلئے سرمایہ کاروں کی درخواستوں پر این او سی کے بروقت اجراء کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صنعت لگے گی تو سرمایہ کاری آئے گی۔نئی سرمایہ کاری سے روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔

معیشت مضبوط ہوگی اور کاروبار پھلے پھولے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری صنعت نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب حکومت کو نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے 23 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ 5سیمنٹ پلانٹ لگانے کی درخواستوں پر این او سی اگلے ماہ کے شروع میں جاری کر دیئے جائیں گے جبکہ دیگر درخواستوں پر بھی فوری طور پر ضروری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ایک سیمنٹ پلانٹ پر تقریباً 30 سے 40 ارب روپے لاگت آتی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز لوکل گورنمنٹ، آبپاشی،صنعت، معدنیات،ماحولیات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔