سعودی عرب جانے والے پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے لیے اہم اعلان

وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستانیوں پر سفر کے حوالے سے کوئی مخصوص پابندیاں عائد نہیں کی، صرف سفر سے 48 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ والی شرط کو پورا کرنا ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 26 ستمبر 2020 14:48

سعودی عرب جانے والے پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے لیے اہم اعلان
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 ستمبر2020ء) سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے لیے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستانی مسافروں پر کوئی الگ سے مخصوص سفری پابندیاں عائد نہیں کی ہیں۔اُردو نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ان تمام افراد کے مملکت کے سفر پر پابندی ختم کی جن کے پاس سعودی عرب کا کارآمد ویزا موجود ہے۔

تاہم سفر کرنے والوں کے لیے سفر سے 48 گھنٹے پہلے کرائے جانے والے منفی پی سی آر ٹیسٹ کی شرط عائد کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے پہلے پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 75 پروازیں چلائی جا رہی تھیں جن میں سے 42 جدہ، 13 ریاض، 12 مدینہ، اور سات دمام کے لیے تھیں تاہم کورونا کی وجہ سے دوران پروازیں کم کرکے 22 کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی محدود پروازوں کی وجہ سے اکثر وہ پاکستانی جن کے پاس سعودی عرب کا کارآمد ویزا ہے مملکت پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔

یہ معاملہ سعودی حکام کے ساتھ اٹھایا گیا جس کے بعد انہوں نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران اضافی 21 پروازوں کی اجازت دے دی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے 30 اکتوبر کے دوران مزید اضافی پروازیں چلانے کا معاملہ سعودی حکام کے ساتھ زیر غور ہے۔بیان کے مطابق ’اس وقت اضافی پروازوں کی بدولت پاکستانی بغیر کسی مشکل کے سعودی عرب کے لیے سفر کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق وزیر ہوابازی کے حکم پر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے ہدایات جاری کردیں کہ پی آئی اے کے تمام دفاتر بروز ہفتہ اور اتوار صبح 9 بجے تا شام 6 بجے تک کھلے رکھیں جائیں۔