پیپلزپارٹی کے ایم این اے کا بیٹا شراب سمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا

غیاث الدین جونیجو غیرملکی شراب کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا

بدھ 30 ستمبر 2020 21:09

پیپلزپارٹی کے ایم این اے کا بیٹا شراب سمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 ستمبر2020ء) سندھ کسٹمز حکام کے مطابق پیپلزپارٹی کے ایم این اے روشن جونیجو کا بیٹا غیاث جونیجو شراب سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کسٹمز کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شراب سے بھڑا کنٹینر پکڑ لیا۔ شراب سفارتی کوٹے کے نام پر سمگل کی جا رہی تھی۔

کنٹینر پولیس پروٹوکول میں اسمگل کیا جارہا تھا۔

(جاری ہے)

شراب کی بوتلوں سے لدے کنٹینرز کے ساتھ ایک سرکاری نمبرپلیٹ لگی گاڑی بھی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل شدہ شراب کی مالیت دس کروڑ روپے سے زائد ہے اور یہ شراب بلیک مارکیٹ میں فروخت کرنے کی جانی تھی۔ کسٹمز حکام کے مطابق سانگھڑ سے پیپلزپارٹی کے ایم این اے روشن جونیجو کے بیٹے غیاث جونیجو کو بھی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ روشن جونیجو 2018 عام انتخابات میں سندھ کے حلقہ این اے 217 سانگھڑ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ روشن جونیجو 2008 سے اب تک مسلسل رکن قومی اسمبلی ہیں۔ یاد رہے کہ کسٹمز حکام کی اس کارروائی کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔