مولانا فضل الرحمن کی ادارہ نور حق آمد،سید منور حسن کے انتقال پر تعزیت

مولانا فضل الرحمن کی سید طلحہ حسن ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات امیر جماعت اسلامی پاکستان کی حیثیت سے ان کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیںگی ، انہیںملکی اور قومی ایشوز پر نہایت سنجیدہ پایا،فضل الرحمن

پیر 5 اکتوبر 2020 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں وفد نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر ادارہ نور حق میں ان کے صاحبزادے سید طلحہ حسن ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات واظہار تعزیت کیااور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف )کے وفد میں جنرل سیکریٹری صوبہ سندھ راشد محمود سومرو، مرکزی رہنما قاری محمد عثمان ، نائب امیر صوبہ سندھ مولانا عبدالکریم عابد،مرکزی رہنما اسلم غوری ، ناظم مالیات و صوبائی رہنمامولانا غیاث ، صوبائی رہنما شرف الدین اندھڑ ، امیر ضلع شرقی مولانا فتح اللہ و یگر شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز ،ڈاکٹر واسع شاکر ، ڈپٹی سیکریٹری عبدالرزاق خان ، راشد قریشی ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔

مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن سے ایک طویل رفاقت رہی ہے، انہیں ہمیشہ ملکی اور قومی ایشوز پر نہایت سنجیدہ پایا اور فکر مند دیکھا،مختلف اجتماعات اور مظاہروں میں ان کا خطاب سحر انگیز اور عوامی جذبات کی ترجمانی کرتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کی حیثیت سے ان کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیںگی ، سید منور حسن نے امانت اور دیانت کی عظیم مثال قائم کی ، پوری زندگی کلمہ حق بلند کیا ، وہ محب دین،محب وطن، امانت ودیانت سے کام کرنے اور غریب مظلوم کے دکھ درد کا احساس رکھنے والے تھے،انہوں نے قومی ایشوز پر ہمیشہ اسلام کی ترجمانی کا فریضہ بہادری سے انجام دیا۔