کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے غیر ملکی سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 کروڑ مالیت کے سگریٹ برآمد کرلئے

منگل 6 اکتوبر 2020 23:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2020ء) کسٹم انٹیلی جنس کے عملے نے غیر ملکی سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 کروڑ مالیت کے سگریٹ برآمد کرکے ٹرک قبضے میں لے لیا تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس بلوچستان سمیع الحق کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم سمگلر کوئٹہ کے راستے کراچی سگریٹ کی بھاری کھیپ سمگل کرنا چاہتے ہیں جس پر انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عابد حسین ہیکڑو اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر زوہیب سندھیلا کی نگرانی میں انسپکٹر شبیر احمد ، حوالدار اصغر حسین، سپاہی باز محمد اور دیگر عملے کے ہمراہ کوئٹہ سے ڈھائی سو کلو میٹر دور بختیار آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کراچی جانے والے ٹرک کو روک کر چیک کیا تو اس میں غیر ملکی سگریٹ لوڈ تھے ٹرک کو قبضے میں لے لیا ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس سمیع الحق ، ایڈیشنل ڈائریکٹر عابد حسین ہیکڑو اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر زوہیب سندھیلا نے کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انٹیلی جنس کے عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی سگریٹ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی ہے اور قبضے میں لئے جانے والے غیر ملکی سگریٹ کی ٹرک سمیت مالیت تقریباً 3 کروڑ روپے بنتی ہے۔

(جاری ہے)

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی واضح ہدایات اور حکومت کی پالیسی کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس کا عملہ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کم افرادی قوت اور وسائل کے باوجود صوبہ بھر میں تواتر کے ساتھ اپنی کارروائیاں کررہا ہے او ریہ کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رہیں گی۔