سندھ اور بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں کاجزائر اور سمندری وسائل کے تحفظ کے لئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان

نواب اکبر بگٹی کی شہادت کے بعد بلوچ نوجوان سخت مشتعل تھے لیکن میر حاصل بزنجو نے عدم تشدد اور قومی جمہوری سیاست کو بلوچستان میں پروان چڑھایا اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرکے نوجوانوں کو قومی جمہوری سیاست کا حصہ بنایا، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

اتوار 11 اکتوبر 2020 23:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2020ء) سندھ اور بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں نے جزائر اور سمندری وسائل کے تحفظ کے لئے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے اتحاد تشکیل دے دیا۔نیشنل پارٹی کے زیراہتمام پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو کی یاد میں اتوار کی شام حیدرآباد پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا جس سے نیشنل پارٹی کے سربراہ عبدالمالک بلوچ، سید جلال محمود شاہ، ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی سمیت قوم پرست رہنماؤں نے خطاب کیا۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نواب اکبر بگٹی کی شہادت کے بعد بلوچ نوجوان سخت مشتعل تھے لیکن میر حاصل بزنجو نے عدم تشدد اور قومی جمہوری سیاست کو بلوچستان میں پروان چڑھایا اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرکے نوجوانوں کو قومی جمہوری سیاست کا حصہ بنایا، انہوں نے کہا کہ میر حاصل بزنجو نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ایک جیسی جدوجہد کی، میر غوث بخش خان بلوچ نے سندھی اور بلوچ قوم کو جوڑا،انہوںنے کہاکہ سندھ اور بلوچستان کا پیٹ کاٹا گیا اب جزائر پر قبضہ کی باتیں سندھی اور بلوچوں کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے کہ وہ کیا رد عمل دیتے ہیں، انہوںنے کہاکہ سندھ ایکشن کمیٹی نے سندھ میں وفاق کی قبضہ گیری کے خلاف تحریک کی ابتداء کردی ہے اور اپنی سرزمین کے تحفظ ، وسائل کی ملکیت کے لئے سندھی اور بلوچوں کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے اس لئے ہمیں مشترکہ طور پر اتحاد کی ضرورت ہے، سندھ کی اس جدوجہد میں ہم سندھ کے ساتھ ہیں، انہوںنے کہاکہ یہ آج کی بات نہیں ہمیں مشرف دور میں ہی یہ بات پتہ چل گئی تھی کہ وفاق سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں پر قبضہ کی کوشش کررہا ہے، انہوںنے کہاکہ سندھ ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے جزائر پر قبضہ کے خلاف جدوجہد شروع کی ہے جس میں ہماری نیشنل پارٹی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی ، عوامی تحریک ودیگر پارٹیوں نے تحریری ڈرافٹ تیار کیا ہے، نیشنل پارٹی کی کوشش ہے کہ بلوچستان کی دیگر پارٹیوں کو بھی سمندری پٹی کے تحفظ کے لئے جدوجہد میں شامل کیاجائے۔

(جاری ہے)

سندھ یونا ئیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر حاصل خان بزنجونے پاکستان کی جمہوری تاریخ میںبڑا کرد ادا کیا ان کی جدوجہد غوث بخش بزنجو کی سیاست کا تسلسل ہے۔عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی نے کہاکہ ہم1940ء کی قرار داد کے تحت پاکستان میں شامل ہوئے تھے قائد اعظم کی وفات کے بعد یوپی سی پی سے آئی ہوئی بیورو کریسی نے پاکستان پر قبضہ کرلیا اب سندھ کے سمندری وسائل پر بھی قبضہ کی سازش ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، سندھ ہاری کمیٹی کے صدر کامریڈ اظہر جتوئی نے کہاکہ آج اتحاد کی اشد ضرورت ہے، اس موقع پر نیشنل پارٹی کی خواتین ونگ کی رہنماء یاسمین بلوچ، مسلم لیگ (ن) کے قمر الزماں راجپر، ای جی پی جی کے رہنماء لالہ شاہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔