پاکستان میں پہلی بار پولیس نے ایئر پٹرولنگ شروع کر دی

ڈرون کے استعمال کو پولیس ایئرپٹرولنگ یونٹ کا نام دیا گیا، ایئر پٹرولنگ کے ذریعے ٹریکس پر گم ہو جانے والے افراد کو تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی، ڈی چوک پر لیبر یونین کے احتجاج کی مکمل مانیٹرنگ پہلی بارایئر پڑولنگ یونٹ نے کی: ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 14 اکتوبر 2020 23:19

پاکستان میں پہلی بار پولیس نے ایئر پٹرولنگ شروع کر دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر2020ء) پاکستان میں پولیس نے پہلی بار ڈرونز کے ذریعے ایئر پٹرولنگ شروع کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے ڈرون کے ذریعے احتجاج کو مانیٹر کیا ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کسی شہر میں ڈرونز کے ذریعے ایئر پٹرولنگ کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا ہے ۔

ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس وقارالدین کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی سے اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا ، ان کا کہنا تھا کہ ڈرون کے استعمال کو پولیس ایئرپٹرولنگ یونٹ کا نام دیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ ایئر پٹرولنگ کے ذریعے ٹریکس پر گم ہو جانے والے افراد کو تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی ، انہوں نے کہا کہ ڈی چوک پر لیبر یونین کے احتجاج کی مکمل مانیٹرنگ پہلی بارایئر پڑولنگ یونٹ نے کی ۔

(جاری ہے)

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایئر پڑولنگ یونٹ کے ذریعے مانیٹرنگ کا جائزہ لیا ، وفاقی پولیس کے ایئر پڑولنگ یونٹ نے پہلی بار احتجاجی مظاہرے کی کوریج کی۔ واضح رہے کہ لیبر یونین نے ڈی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جسے ڈرونز کی مدد سے کور کیا گیا۔ یاد رہے کہ لیبر یونین کے عہدیدران کا کہناتھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دباؤ پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا۔

حکومت قومی اداروں کی نجکاری کرنے کی مکمل تیاری کرچکی ہے۔ اسٹیل ملز کے 9ہزار 500 ملازمین کو فارغ کردیا گیا ہے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی 700 ملازمین، محکمہ سیاحت سے 450 ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ مال کے ملازمین کو واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواستوں پر محکمے کو تمام ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔