رائے ونڈ میں اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا سبب مارکیٹ کمیٹی کا راشی عملہ نکلا

کئی سالوں سے تعینات عملہ آڑھتیوں سے مفت سبزی اور فروٹ لیجانے لگا

پیر 19 اکتوبر 2020 13:10

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2020ء) رائے ونڈ میں اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا سبب مارکیٹ کمیٹی کا راشی عملہ نکلا ،کئی سالوں سے تعینات عملہ آڑھتیوں سے مفت سبزی اور فروٹ لیجانے لگا ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ مارکیٹ کمیٹی میں طویل عرصہ سے تعینات راشی عملے نے گرانفروشی اور مہنگائی کو فروغ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کا عملہ چند آڑھتیوں کا آلہ کار بن کررہ گیا جو ان راشی اہلکاروں کو روزانہ کی بنیاد پر مفت سبزی اور فروٹ دیتے ہیں جسکی وجہ سے آڑھتی من مانیاں کرتے ہوئے اجناس کی قیمتیں جاری کرتے ہیں غریب خوانچہ فروشوں کو نیلامی کے اوقات میں مال اٹھانے اور ریٹ بعد میں لگانے کا کہہ کر من مرضی کے ریٹ لگائے جارہے ہیں جس سے غریب خوانچہ فروش قرضوں کے بوجھ تلے دب کررہ گئے ہیں ،ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمیٹی کا عملہ ڈی سی لاہور اور اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور اپنی کارروائیاں ڈالنے کیلئے غریب خوانچہ فروشوں کو بھاری جرمانے کردیتے ہیں ایک غریب خوانچہ فروش نے اپنا نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اورسب انسپکٹر سمیت سب اہلکاروں کے منہ کو حرام لگا ہوا ہے جو آڑھتیوں اور شہر کی بڑی فروٹ شاپ کے خلاف کبھی کارروائی نہیں کرتے بلکہ وہ ماڈل بازا ر اور ملحقہ مارکیٹوں میں روزی کمانے والے غریب خوانچہ فروشوں کو جرمانے عائد کررہے ہیں بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالنے کی بجائے ان سے روزانہ فروٹ اور سبزی کی ’’بخشیش ‘‘کی بدولت انکو کھلی چھٹی دے رکھی ہے جو من مرضی کے ریٹ جاری کرکے مہنگائی اور گرانفروشی کو فروغ دے رہے ہیں خوانچہ فروشوں نے مارکیٹ کمیٹی میں طویل عرصہ سے تعینات عملہ کی تبدیلی اور نئے ایماندار عملہ کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی سی لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ رائے ونڈ میں فروٹ کی بڑی دکانوں اور آڑھتیوں کا محاسبہ کیا جائے ۔