سعودی عرب نے خلیجی ممالک کو ریلوے سے جوڑنے کے منصوبے کے حوالے سے شاندار خبر سُنا دی

جی سی سی ریلوے لائن منصوبہ 2023ء میں مکمل ہو گا، جس کے بعد سعودی مملکت ، متحدہ عرب امارات، عمان، کویت، بحرین اور قطر تک بھی ریلوے لائن جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 22 اکتوبر 2020 14:01

سعودی عرب نے خلیجی ممالک کو ریلوے سے جوڑنے کے منصوبے کے حوالے سے شاندار ..
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 اکتوبر2020ء) سعودی عرب کی جانب سے متعدد خلیجی ممالک کے سفر کے لیے ریلوے منصوبہ بنایا گیا تھا۔ جس میں دوسرے خلیجی ممالک بھی اپنا اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک خوش خبری سُنائی گئی ہے کہ خلیجی ممالک کو ریلوے لائن کے ذریعے ملانے والامنصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا۔ سعودی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق سعودی عرب کو دیگر خلیجی ممالک سے ملانے کے اس منصوبے پر پندرہ سال سے کم جاری ہے۔

1350 میل لمبی ریلوے لائن کے ذریعے جی سی سی ممالک کو جوڑنے والا یہ منصوبہ 2023 ء میں تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ جس کے بعد متحدہ عرب امارات اور سلطنت عمان کے عوام ٹرین کے ذریعے سعودی عرب آ سکیں گے ، اور سعودی عوام اور تارکین بھی امارات اور عمان کا ریل کا سفر کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ اگلے مرحلے میں کویت اور بحرین بھی اس ریل منصوبے کا حصہ بن جائیں گے۔

اُمید کی جا رہی ہے کہ آخری مرحلے میں قطر بھی خلیجی ممالک کو ریلوے لائن کے ذریعے ملانے والے اس پراجیکٹ کا حصہ بن جائے گا۔ تاہم ابھی اس بارے میں کوئی حتمی بات نہیں کی جا سکتی۔ جی سی سی ممالک کو سعودی عرب سے ریلوے لائن کے ذریعے منسلک کرنے کے اس منصوبے کے حوالے سے سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح الجاسر نے پراجیکٹ پر کام کرنے والی سعودی کمپنی پیکٹل کے ریجنل چیئرمین سٹیوارڈ جان سے ملاقات کی۔ جس میں اس منصوبے سے متعلق اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ریلوے لائن پر بہترین سہولتوں کی فراہمی اور تیز رفتار سفر پر بھی بات چیت کی گئی۔