ایرانی سرحد سے ملحقہ علاقہ آرمینیا سے چِھن گیا، آذری پرچم لہرا دیا گیا

ایران سے ملحقہ اغبند کے علاقے کو آرمینی فوج کے قبضے سے چھڑانے کے بعد وہاں آذربائیجان کا جھنڈا لہرا دیا گیا، ایران اور آذربائیجان کے درمیان سرحد مکمل طور پر محفوظ، اغبند کے سرحدی علاقے سمیت مزید 20 گاؤں بھی آزاد کرالیے گئے، آذری سفیر کا ٹوئٹ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 22 اکتوبر 2020 22:37

ایرانی سرحد سے ملحقہ علاقہ آرمینیا سے چِھن گیا، آذری پرچم لہرا دیا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) آذربائیجان نے ایرانی سرحد سے ملحقہ علاقہ آرمینیا سے چھین لیا، آذاد علاقے میں آذری پرچم لہرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آذربائیجان نے ایرانی سرحد سے ملحق ناگورنو کاراباخ کے علاقے اغبند کو آرمینیا سے آزاد کروا کر اس پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آذربائیجان نے اغبند کے علاقے پر کنٹرول حاصل کر کے اس علاقے میں اپنا پرچم لہرا دیا ہے، ایران سے ملحقہ سرحد اب مکمل طور پر محفوظ بنا دی گئی ہے۔

پاکستان میں تعینات آذری سفیر علی علی زادہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیئر کیے گئے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ ایران سے ملحقہ اغبند کے علاقے کو آرمینی فوج کے قبضے سے چھڑانےکے بعد وہاں آذربائیجان کا جھنڈا لہرا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید لکھا کہ اغبند پر کنٹرول کے بعد ایران اور آذربائیجان کے درمیان سرحد مکمل طور پر محفوظ ہوگئی ہے۔

علی علی زادہ نے مزید بتایا کہ آذری فوج نے آرمینیا کے قبضے سے اغبند کے سرحدی علاقے سمیت مزید 20 گاؤں بھی آزاد کرالیے ہیں ۔ آذری سفیر میں اپنی ٹوئٹ میں ایک ویڈیو بھی شامل کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آذری افواج پرچم لہرانے کے بعد نعرے لگا رہے ہیں ۔
آذری صدر الہام علیئف نے بھی اپنے بیان میں اغبند کے سرحدی علاقے کو آرمینی فوج کے قبضے سے آزاد کرنے پر خوشی کا اظہارکیا ہے۔

الہام علیئف کا کہنا ہے کہ وہ اس خوشی کے موقع پر آذربائیجان اور ایران کے عوام کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں اور اپنی بہادر فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان ناگورنو کاراباخ کے معاملے پر کئی روز سے جنگ جاری ہے جس میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان عارضی جنگ بندی کی دو بار کوشش کی گئی لیکن دونوں مرتبہ امن برقرار نہ رہ سکا۔