پنجاب کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی

رواں برس یکم ستمبر کو پنجاب میں اموات کاتناسب 1 اعشاریہ 6 تھا جو کہ آج 6 فیصد تک پہنچ چکا ہے ، چیف سیکریٹری ، دوسری طرف ملک بھر میں مزید 13افراد کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 اکتوبر 2020 12:20

پنجاب کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2020ء) چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کےہسپتالوں میں کورونامریضوں کی تعدادبڑھ رہی ہے، ایک بار پھر ہسپتالوں میں کورونا کے باعث تشویشناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق انہوں نے بتایا کہ رواں برس یکم ستمبر کو پنجاب میں اموات کاتناسب 1.6 تھا جو کہ آج 6 فیصد تک پہنچ چکا ہے ، جب کہ صوبہ پنجاب میں کورونا کیسز کی شرح 0.92 سے بڑھ کر 1.33 ہوگئی۔

دوسری طرف پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 13افراد جان کی بازی ہارگئے ، جب کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 9 ہزار 855 ہوگئی۔ اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ تازہ اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 736 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 216 ہوچکی ، جہاں ملک بھر اس وقت فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 855 ہے ، تاہم اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 9 ہزار 646 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہونے والی مزید 13 اموات کے ساتھ ہی ملک بھر اس عالمی وباء کی وجہ سے مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 715 ہوگئی ہے ، جب کہ صوبہ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 1لاکھ 42 ہزار 917 ، صوبہ پنجاب میں 1لاکھ 2 ہزار 253، پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 38 ہزار 886 ہے، صوبہ بلوچستان میں 15ہزار 767، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 18 ہزار 578 اور آزاد کشمیر میں 3ہزار 688 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ، گلگت میں یہ تعداد 4127 بتائی گئی۔