اسرائیل اور بھارت کی لابیاں اپوزیشن کیلئے کام کر رہی ہیں

بھارتی میڈیا نوازشریف کو ہیرو بنا رہا ہے، اسرائیل چاہتا ہے پاکستان کا حال روس جیسا ہو جائے: وزیراعظم عمران خان

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اکتوبر 2020 22:53

اسرائیل اور بھارت کی لابیاں اپوزیشن کیلئے کام کر رہی ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2020ء) وزیراعظم نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل اور بھارت کی لابیاں اپوزیشن کیلئے کام کر رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن پر شدید تنقید کی گئی، سنگین الزامات عائد کیے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کی لابیاں امریکا میں ایک ساتھ کام کرتی ہیں، اب یہ لابیاں اپوزیشن کے لیے کام کر رہی ہیں۔

اس بات کا واضح ثبوت بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا ہے جو پاکستان میں خانہ جنگی شروع ہونے کے دعوے کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ بھی کر دیا کہ عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے برطرف کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا وازشریف کی قصیدہ گوئی میں مصروف ہے، اسے ہیرو بنا رہا ہے، اسرائیل چاہتا ہے پاکستان کا حال روس جیسا ہو جائے۔

(جاری ہے)

اسرائیل کو اس بات کا علم ہے کہ پاکستانی فوج سپر پاور ہے اس لیے وہ ہم سے خوفزدہ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے کچھ بھی کرلیں کسی صورت این آر او نہیں دوں گا۔ پارٹی میں کچھ لوگوں کی رائے تھی اپوزیشن سے بات کی جائے مگر میں نے پہلے ہی بتا دیا کہ بات چیت کا فائدہ نہیں کیونکہ یہ این آر و ہی مانگیں گے، معافی دینے کا مطلب ملک تباہ کرنا ہے۔

اپوزیشن نے این آراو لینے کیلئے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ لیکن جب انہیں ناکامی ہوئی تو پھر باپ اور بیٹی سڑکوں پر نکل گئے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن نے سول ملٹری تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی۔ میرا اور آرمی چیف کا ایک ہی مقصد پاکستان کو بہتر کرنا ہے۔ دونوں کا مقصد ایک ہی ہے اس لیے پہلی مرتبہ سول عسکری تعلقات اچھے ہیں۔